Everyone Deserves A second Chance in Love.
بولی وڈ اداکارہ ملائیکا اروڑا کی اداکار و پروڈیوسر ارباز خان سے طلاق کے بعد خود سے کئی سال چھوٹے اداکار ارجن کپور سے تعلق رکھنے کے باعث سوشل میڈیا پر اکثر و بیشتر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا رہتا ہے۔
کوئی اداکارہ پر ارباز خان سے علیحدہ ہونے کے باعث تنقید کرتا جبکہ کوئی اداکارہ کو خود سے کم عمر اداکار سے تعلقات رکھنے پر برا بھلا کہتا۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے ایک انٹرویو میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘محبت میں دوسرا موقع ہر کسی کا حق ہے اور لوگوں کو کھلے ذہن سے اسے قبول کرنا چاہیے’۔
45 سالہ ملائیکا کا 34 سالہ ارجن کپور سے تعلق کو خفیہ رکھنے پر کہنا تھا کہ ‘ایسے تعلق کو ہمیشہ تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لوگوں کو اب ہر بات کو سمجھنا چاہیے، ہمارے ملک میں ایسے رشتوں کو نہ جانے کیوں غلط سمجھا جاتا ہے، سب کو اپنی سوچ وسیع رکھنی چاہیے’۔
اداکارہ کے مطابق بھارت میں آج بھی کسی خاتون کا دوسری مرتبہ محبت کرنا ممنوع سمجھا جاتا ہے۔
ملائیکا نے مزید بتایا کہ انہیں خود سے چھوٹے اداکار سے تعلق رکھنے پر ہونے والی تنقید سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
جبکہ اپنے اسٹائل پر کی جانے والی باتوں کو بھی وہ نظر انداز کردیتی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنا مذاق اڑانے والوں اور تنقید کرنے والوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی’۔
یاد رہے کہ ملائیکا اروڑا نے ایک ویڈیو جوکی کے طور پر اپنے کیریئر کے آغاز کیا تھا، تاہم انہیں سب سے زیادہ مقبولیت شاہ رخ خان کی فلم ‘دل سے’ میں چھئیاں چھئیاں گانے پر رقص کرنے کے ساتھ ملی۔
ملائیکا کی ارباز خان سے 1998 میں شادی ہوئی تھی، تاہم 2017 میں ان دونوں کی طلاق ہوگئی۔