کرکٹر حسن علی کی اہلیہ کی پاکستان آمد گھر کو پھولوں سے سجادیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی نے رواں سال اگست میں بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو سے شادی کرکے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا تھا۔
ان دونوں کی شادی کی شاندار تقریب دبئی میں منعقد ہوئی تھی، جبکہ شادی سے قبل مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں۔
حسن علی اور ان کی اہلیہ نے شادی سے قبل دبئی میں ایک رومانوی فوٹو شوٹ بھی کروایا تھا جسے جہاں مداحوں نے پسند کیا وہیں کچھ نے ان کی نجی تصاویر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
حسن علی کی اہلیہ سامعہ آرزو دبئی سے نجی ایئرلائن کے ذریعے گزشتہ روز سیالکوٹ پہنچیں، ایئرپورٹ سے یہ دونوں گوجرانوالہ پہنچے جہاں اہل خانہ نے سامعہ کا استقبال پھول نچھاور کرکے کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں حسن علی اپنے گھر میں اہلیہ کے ساتھ موجود ہیں، سامعہ کے استقبال میں پورے گھر کو پھولوں سے سجایا ہوا ہے، جبکہ سامعہ اپنے بیڈ روم کی سجاوٹ کو دیکھ کر بھی حیران رہ گئیں۔
حسن علی کی والدہ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی بہو کے لیے رات کے کھانے میں بریانی اور مٹن قورمہ تیار کیا۔
خیال رہے کہ حسن علی کی منگیتر بھارتی ریاست ہریانہ کی رہائشی ہیں۔
سامعہ آرزو نے مانو رچنا یونیورسٹی سے ایرو ناٹکس کی ڈگری حاصل کی اور اس وقت ایمریٹس ایئرلائن میں بطور فلائٹ انجینئر کام کر رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان دونوں کی پہلی ملاقات فلائٹ میں ہی ہوئی اور ان دونوں میں شادی سے قبل ایک سال سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔