URDUSKY || NETWORK

کاجول اگروال

139

خوبرو اداکارہ سے ملاقات کے خواہشمند شخص کے ساتھ دھوکا

بولی وڈ شخصیات کے دنیا بھر میں لاکھوں مداح ہوتے ہیں جو ان کی ایک جھلک دیکھنے یا ان سے ایک لمحے کی ملاقات کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوجاتے ہیں۔

جہاں بولی وڈ اداکاروں کے مداح ان سے ملاقات کے لیے لاکھوں روپے خرچ کرتے ہیں، وہیں اداکاراؤں سے ملنے کی خواہش رکھنے والے مداح بھی اپنی خواہش پوری کرنے کے لیے کچھ بھی کر گزرتے ہیں۔

ایسا ہی ایک بھارتی مداح اداکارہ کاجول اگروال سے ملنے کا خواہش مند تھا، جس نے خوبرو اداکارہ سے ملاقات کے لیے لاکھوں روپے لٹوا دیے۔

ڈی این اے انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک مداح نے 35 سالہ اداکارہ کاجول اگروال سے ملاقات کی خواہش میں 60 لاکھ روپے لٹوا دیے۔

کاجول اگروال جنوبی بھارت میں بہت زیادہ مقبول ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
کاجول اگروال جنوبی بھارت میں بہت زیادہ مقبول ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق تامل ناڈو کے شہر رمانتھا پورم سے تعلق رکھنے والے شخص نے خوبرو اداکارہ سے ملاقات کے وعدے پر آن لائن ہی ایک بلیک میلر گروہ کو مختلف اوقات میں پیسے دیے۔

رپورٹ کے مطابق مداح نے تامل فلم پروڈیوسر سراونا کمار سے رابطہ کیا اور انہیں کاجول اگروال سے ملنے کی خواہش سے متعلق بتایا۔

رپورٹ کے مطابق فلم پروڈیوسر نے مداح سے اداکارہ سے ملاقات کروانے کا وعدہ کیا اور ابتدائی طور پر 50 ہزار روپے اور ذاتی معلومات بھیجنے کا کہا۔

مداح نے فلم پروڈیوسر کو 50 ہزار روپے بھجوانے سمیت اپنی معلومات بھجوادی، تاہم کئی ہفتے گزرجانے کے باوجود ان کی ملاقات اداکارہ سے نہیں کروائی گئی اور بعد ازاں مداح سے مزید رقم کا مطالبہ کیا گیا۔

یوں مداح نے مختلف اوقات میں فلم پروڈیوسر کو 60 لاکھ روپے تک ادا کیے، تاہم ان کی ملاقات کاجول اگروال سے نہیں کروائی گئی اور ان سے مزید رقم کا مطالبہ کیا گیا۔

کاجول اگروال سے ملاقات نہ ہونے کے بعد مداح نے بلیک میلرز کو مزید رقم دینے سے انکار کیا تو بلیک میلرز نے انہیں دھمکیاں دینا شروع کیں، جس کےبعد مداح گھر سے فرار ہوکر ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتا چلا گیا۔

چند ہفتے غائب رہنے کے بعد اہل خانہ کی شکایت پر پولیس نے مداح کو کولکتا سے ڈھونڈ نکالا اور انہوں نے پولیس کو اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کی داستان سنائی تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فلم پروڈیوسر کو گرفتار کرلیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کاجول اگروال سے ملنے کی خواہش رکھنے والے شخص نے پیسے لینے والے شخص سے ایک بھی براہ راست ملاقات نہیں کی اور انہیں آن لائن مطالبے پر رقم فراہم کرتا رہا۔

دوسری جانب کاجول اگروال نے تاحال اس معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا، وہ آج کل اپنی آنے والی تامل فلم ’کومالی‘ کی شوٹنگ کی مصروف ہیں۔

کاجول اگروال نے 2004 میں بولی وڈ فلم ’کیوں: ہوگیا نا‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور بعد ازاں انہوں نے تامل، تیلگو اور ملایلم زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا اور جلد ہی انہوں نے جنوبی بھارت میں شہرت حاصل کرلی۔

کاجول اگروال کی معروف فلموں میں ’سنگھم، اسپیشل 26، دو لفظوں کی کہانی، ٹیمپر اور سائز زیرو‘ شامل ہیں۔

اداکارہ نے مداح کے ساتھ دھوکے پر تاحال کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے مداح کے ساتھ دھوکے پر تاحال کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: انسٹاگرام