URDUSKY || NETWORK

شلپا شیٹھی کی 12 سال بعد فلموں میں واپسی

66

’دھڑکن‘ گرل شلپا شیٹھی یوں تو ٹی وی پر اپنے جلوے دکھاتی رہتی ہیں اور وہ ڈانس ریئلٹی شوز میں اپنی اداؤں سے مداحوں کا دل بھی خوش کرتی رہتی ہیں۔

تاہم گزشتہ 12 سال سے انہیں کسی فلم میں بطور مرکزی اداکارہ نہیں دیکھا گیا۔

اگرچہ شلپا شیٹھی 3 سال قبل ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’ڈشکیوں‘ میں بھی مختصر کردار میں نظر آئیں تھیں، تاہم انہیں فلم کی مرکزی کاسٹ کے طور پر گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نہیں دیکھا گیا۔

شلپا شیٹھی آخری بار بطور مرکزی اداکارہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اپنے‘ اور ’لائف ان میٹرو‘ میں دکھائی دیں تھیں اور دونوں فلموں نے کوئی اچھی کمائی نہیں کی تھی۔

تاہم ’لائف ان میٹرو‘ کی کہانی کو بہت سراہا گیا تھا۔

شلپا شیٹھی نے اپنی آخری فلم کے 2 سال بعد 2009 میں صنعت کار راج کندرا سے شادی کرلی تھی اور پھر وہ فلموں میں دکھائی نہیں دیں۔

شلپا شیٹھی کے ہاں 2012 میں بچے کی پیدائش ہوئی، جس کےبعد وہ ٹی وی پر ریئلٹی شوز میں دکھائی دینے لگیں اور بعض فلموں میں مہمان اداکارہ کے طور پر دکھائی دیں۔

تاہم اب اطلاعات ہیں کہ وہ جلد ہی 12 سال بعد بطور مرکزی اداکارہ فلم میں کام کرتی دکھائی دیں گی۔

ڈی این اے انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتےہوئے بتایا کہ خبریں ہیں کہ جلد ہی شلپا شیٹھی کامیڈی فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

رپورٹ کے مطابق شلپا شیٹھی دلجیت دسانج اور یمی گوتم کے ساتھ آنے والی ایک کامیڈی فلم میں اہم کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

فلم میں شلپا شیٹھی ایک لکھاری خاتون کا کردار ادا کریں گی، تاہم تاحال اس فلم کا نام تجویز نہیں کیا گیا۔

شلپا شیٹھی شادی کے بعد فلموں میں کم دکھائی دیں—فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹھی شادی کے بعد فلموں میں کم دکھائی دیں—فوٹو: انسٹاگرام

رپورٹ کے مطابق فلم کی ہدایات نامور فلم ساز عزیز مرزا کے بیٹے ہارون دیں گے اور ان کی بطور ڈائریکٹر یہ پہلی فلم ہوگی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ شلپا شیٹھی اگست کے آخر تک فلم کی ٹيم کو شوٹنگ کے لیے جوائن کرلیں گی اور شوٹنگ شروع کرنے سے قبل فلم کی ٹیم اس حوالے سے حتمی اعلان بھی کرے گی۔

خیال رہے کہ شلپا شیٹھی نے 25 سال قبل 1993 میں شاہ رخ خان اور کاجول کے ساتھ فلم ’بازیگر‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور جلد ہی وہ فلم سازوں کی پسندیدہ اداکارہ بن گئی تھیں۔

ان کی مشہور فلموں میں ’میں کھلاڑی تو اناڑی، چھوٹے سرکار، پرتھوی، انصاف، اوزار، پردیسی بابو، آکروش، جانور، لال بادشاہ، دھڑکن، خوشی، قرض، رشتے، ہتھیار، چور مچائے شور، دس اور لائف ان میٹرو‘ شامل ہیں۔

ماضی میں شلپا شیٹھی کے تعلقات اکشے کمار اور سنیل شیٹھی سے بھی رہے اور انہوں نے ان دونوں کے ساتھ متعدد فلموں میں کام بھی کیا۔