URDUSKY || NETWORK

سنو چندا کی واپسی؟

77

اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اس رومانٹک کامیڈی سیریز کا تیسرا سیزن بھی بنے گا۔

تاہم شائقین کو اپنی پسندیدہ سیریز کا تیسرا سیزن دیکھنے کے لیے مزید کم سے کم 2 سال کا انتظار کرنا پڑے گا۔

بی بی سی ایشین کے صحافی ہارون راشد نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ ’سنو چندا‘ کی پروڈیوسر مومنہ درید نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رومانٹک کامیڈی سیریز کا تیسرا سیزن بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اگرچہ مومنہ درید نے سیریز کا تیسرا سیزن بنانے کی تصدیق کی، تاہم ان کا کہنا ہے کہ تیسرا سیزن 2 سال بعد 2021 میں بنایا جائے گا۔

ان کے مطابق ڈرامہ کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ’سنو چندا‘ کا تیسرا سیزن برطانیہ میں شوٹ کیا جائے گا۔

تاہم انہوں نے ’سنو چندا‘ کے تیسرے سیزن کی کاسٹ سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔

رومانٹک کامیڈی سیریز کی پہلی دونوں سیزنز میں فرحان سعید اور اقراء عزیز نے مرکزی کردار ادا کیے اور دونوں کی جوڑی کو بہت سراہا گیا۔

’سنو چندا‘ کے دوسرے سیزن کے اختتام میں دکھایا گیا تھا کہ اقراء عزیز برطانیہ جانا چاہتی ہیں اور فرحان سعید انہیں کہتے ہیں کہ اگر وہ وہاں چلی گئیں تو وہ بھی ان کے پیچھے ٹکٹ خرید کر آ جائیں گے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ تیسرے سیزن میں اقراء عزیز برطانیہ پہنچتی ہیں یا نہیں اور پھر ان کے پیچھے فرحان سعید آتے ہیں یا نہیں؟

عین ممکن ہے کہ ان کی جگہ کوئی اور جوڑا برطانیہ پہنچے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔