سمیع خان کی ‘یاراں وے’ جلد ریلیز
سمیع خان کا شمار بہترین پاکستانی اداکاروں میں کیا جاتا ہے اور اب وہ بہت جلد ایک بڑی فلم کے ساتھ سینما گھروں کی اسکرینز پر بھی نظر آنے والے ہیں۔
اداکار ‘یاراں وے’ نامی فلم میں کام کرنے جارہے ہیں جو 2020 میں ریلیز ہوگی۔
فلم کی کاسٹ میں سمیع خان کے علاوہ فیضان خواجہ، علیزے ناصر، جاوید شیخ، مرینہ خان اور علی سکندر موجود ہیں۔
فلم کا اسکرین پلے مہوش اعجاز نے تحریر کیے ہیں، جبکہ اس کی ہدایات منیش پاور دے رہے ہیں۔
‘یاراں وے’ کو الیٹ فلمز کمپنی پروڈیوسر کررہی جبکہ اس کی شوٹنگ تھائی لینڈ میں ہوگی۔
مہوش اعجاز کا اس فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ ‘یاراں وے کی کہانی رومانوی ہے، اس فلم کے ذریعے مجھے بہت سے ٹیلنٹڈ لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، میں مرینہ اور جاوید شیخ جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے بھی پرجوش ہوں، امید ہے ناظرین کو فلم پسند آئے’۔
علیزے ناصر نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ ‘میرا کردار ایک لڑکا کا اپنی شخصیت ڈھونڈنے کی کہانی پر مبنی ہے’۔
سمیع خان کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ‘سمیع ایک بہترین اداکار ہیں، وہ بےحد محنتی ہیں اور سپورٹ بھی بہت کرتے ہیں، مجھے ان کے ساتھ کام کرکے بےحد مزہ آرہا ہے’۔
فلم کی شوٹنگ رواں سال مکمل ہوجائے گی، تاہم اگلے سال ریلیز ہونے کی تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔