URDUSKY || NETWORK

زارا نور

97

جسامت پر تنقید کی وجہ سے کام نہیں چھوڑ سکتی

آنے والی رومانوی فلم ’پرے ہٹ لو‘ کی اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی جانب سے اپنی جسامت پر کی جانے والی تنقید کی وجہ سے خاموش بیٹھ نہیں سکتیں اور نہ ہی اپنا کام چھوڑ سکتی ہیں۔

زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ انہیں سوشل میڈیا پر کافی وقت تک تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا اور لوگ ان کی جسامت کا مذاق اڑاتے رہے۔

زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کا کام تنقید کرنا ہوتا ہے اور وہ اپنی جسامت پر کی جانے والی تنقید کی وجہ سے کام چھوڑ نہیں سکتیں اور نہ ہی تنقید کی وجہ سے اپنے جسمانی خدوخال کو تبدیل کر سکتی ہیں۔

لوگوں نے جسمانی خدوخال پر تنقید کا نشانہ بنایا، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لوگوں نے جسمانی خدوخال پر تنقید کا نشانہ بنایا، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے آن لائن تنقید کرنے والے افراد کو بلاک کردیا، کیوں کہ ایسے لوگوں کی بلاجواز تنقید انہیں ذہنی طور پر متاثر کر رہی تھی جس وجہ سے ان کا کام سے دھیان ہٹ رہا تھا۔

زارا نور عباس کے مطابق انہوں نے جسامت پر تنقید کے بعد لوگوں کو کرارا جواب دینے کے لیے سوشل میڈیا پر مزید تصاویر شیئر کرکے انہیں پیغام دیا کہ وہ جیسی ہیں ایسی ہی رہیں گی، وہ بلاجواز تنقید پر خود کو بدلنے والی نہیں ہیں۔

اداکارہ نے گفتگو کے دوران ایک فیشن ویک میں ریمپ پر واک کرنے کے بعد خود پر ہونے والی تنقید پر بھی بات کی اور کہا کہ واک کرنے کے بعد ان کا موازنہ ماہرہ خان سے کیا جانے لگا۔

زارا نور عباس کا کہنا تھا کہ انہیں کہا گیا کہ انہوں نے ریمپ پر ماہرہ خان کے انداز کو کاپی کرنے کی کوشش کی اور ان کا موازنہ ان سے کیا گیا جو ان کے لیے اچھی بات ہے، کیوں کہ ماہرہ خان بہت بڑی اسٹار اور پاکستانی خواتین کی نمائندگی کرنے والی خاتون ہیں۔

گفتگو کے دوران زارا نور عباس نے اپنے خاندان اور شوبز کیریئر سے قبل والی زندگی پر بھی بات کی اور بتایا کہ زمانہ طالب علمی پر انہیں نئے دوست بنانے کے لیے بھی مشکلات ہوتی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے والد سخت طبیعت کے مالک تھے، اس لیے انہیں زمانہ طالب علمی میں لڑکیوں سے دوستی کرنے سے قبل انہیں اپنے والد سے ملوانا پڑتا تھا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں مختلف طرح کے کام کرنے کا موقع ملا۔

خیال رہے کہ ان کی فلم ’پرے ہٹ لو‘ آئندہ ماہ عیدالاضحٰی پر ریلیز کی جائے گی۔

لوگوں کی تنقید کی وجہ سے کام نہیں چھوڑ سکتی، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام
لوگوں کی تنقید کی وجہ سے کام نہیں چھوڑ سکتی، اداکارہ—فوٹو: انسٹاگرام