URDUSKY || NETWORK

اکشے کمار

53

بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار جو ان دنوں اپنی آنے والی اسپیس سائنس فلم ’مشن منگل‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، انہوں نے تسلیم کیا ہے کہ اس وقت مرد حضرات سے زیادہ خواتین طاقتور ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ’مشن منگل‘ میں اکشے کمار کے ساتھ ودیا بالن، سوناکشی سنہا، تاپسی پنو، کرتی کلہاری اور نتھیا مینن جیسی اداکارائیں بھی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔

’مشن منگل‘ دراصل بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے ’انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائیزیشن‘ (اسرو) میں کام کرنے والی 5 سائنس دان خواتین کی کاوشوں پر مبنی فلم ہے، تاہم اکشے کمار اس بات پر بضد ہیں کہ اس فلم کو خواتین پر مبنی فلم قرار نہ دیا جائے۔

ساتھ ہی دوسری جانب انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ اس وقت خواتین مردوں کے مقابلے زیادہ طاقتور، بہادر اور اچھے کام کرنے میں مصروف ہیں۔

نیوز 18 کے مطابق ’مشن منگل‘ کی تشہیر کے دوران ایک تقریب میں اکشے کمار کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارتی خواتین گھر کی معیشت چلانے سمیت ملک کی معیشت چلا رہی ہیں۔

ماضی کے مقابلے اب خواتین زیادہ خودمختار ہیں، اداکار—فوٹو: انسٹاگرام
ماضی کے مقابلے اب خواتین زیادہ خودمختار ہیں، اداکار—فوٹو: انسٹاگرام

اکشے کمار کا کہنا تھا کہ جہاں اس وقت بھارت کی وزیر خزانہ خاتون ہیں، وہیں محکمہ دفاع بھی خاتون کے حوالے ہے۔

کھلاڑی ہیرو کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ خواتین کا گھر اور ملکی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ہے اور اس وقت مرد اور خواتین کے یکساں حقوق اور کارنامے ہیں۔

اکشے کمار کا کہنا تھا کہ چوں کہ اب مرد اور خواتین یکساں حقوق کے مالک ہیں، اس لیے ’مشن منگل‘ کو خواتین پر مبنی فلم کہنا درست نہیں، وہ کسی مرد یا خاتون پر مبنی فلم نہیں بلکہ ایک مشترکہ اور عام فلم ہے۔

ساتھ ہی دوسری جانب اکشے کمار نے ایک انٹرویو کے دوران بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ اس وقت بھارت سمیت دنیا بھر میں خواتین خود مختار اور پہلے کے مقابلے زیادہ طاقتور ہیں۔

ممبئی مرر کو دیے گئے انٹرویو میں اکشے کمار کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ وہ سماجی مسائل سمیت خواتین کو درپیش مسائل پر فلمیں بنائیں اور اس کا مثال ان کی فلمیں ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ’پیڈ مین‘ بھی ہیں۔

کھلاڑی ہیرو کا کہنا تھا کہ وہ وقت گزر گیا جب خواتین کو کمزور یا ایک خاص شعبے میں کام کرنے کے حوالے سے جانا جاتا تھا، اب خواتین اسرو جیسے خلائی تحقیقاتی ادارے میں بھی کام کر رہی ہیں۔

اکشے کمار کے مطابق دیکھا جائے تو اس وقت خواتین مرد حضرات کے مقابلے زیادہ اچھا کام کرنے سمیت ان کے مقابلے زیادہ طاقتور بھی ہیں۔

خیال رہے کہ اکشے کمار کی فلم ’مشن منگل‘ بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے میں کام کرنے والی 5 خواتین کی جدوجہد سمیت بھارت کی جانب سے مریخ پر بھجوائے گئے مشن پر مبنی ہے۔

’مشن منگل‘ کو رواں ماہ 15 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔