انوشکا شرما
بولی وڈ اداکارہ انوشکا شرما یوں تو ہر وقت اپنے فیشن، کرکٹر شوہر ویرات کوہلی اور اپنے ہاں حمل ٹھہرنے کی وجہ سے خبروں میں رہتی ہیں۔
تاہم تقریبا گزشتہ 9 ماہ سے انہیں کسی فلم میں نہیں دیکھا گیا۔
معروف اداکارہ کو کسی فلم میں نہ دیکھنے کے بعد یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں تھیں کہ وہ حمل سے ہیں، تاہم اداکارہ نے ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔
انوشکا شرما نے دسمبر2017 میں کرکٹر ویرات کوہلی سے شادی کی تھی اور شادی کے ایک سال بعد ہی ان حمل کی خبریں آنا شروع ہوئی تھیں، تاہم اداکارہ نے ایسی خبروں کو افواہ قرار دیا تھا۔
انوشکا شرما کو آخری بار دسمبر 2018 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’زیرو‘ میں دیکھا گیا تھا جب کہ اس سے قبل وہ ستمبر 2018 میں ورون دھون کے ساتھ فلم ‘سوئی دھاگا‘ میں دکھائی دیں تھیں۔
ان دونوں فلموں سے قبل انوشکا شرما کی فلم ’پری‘ بھی ریلیز ہوئی تھی، تاہم بدقسمتی سے اداکارہ کی تینوں فلمیں باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے میں ناکام ہوگئی تھیں۔
شادی سے قبل اور شادی کے بعد کی اداکارہ کی فلمیں ناکام ہونے کے بعد اب گزشتہ 9 ماہ سے اداکارہ کو کسی فلم میں نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی ان کی جانب سے کسی نئی فلم کے منصوبے کو سائن کرنے کی اطلاعات ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے فلموں میں دکھائی نہ دیے جانے کی وجہ سے لوگوں کی جانب سے مختلف چہ مگوئیاں کیے جانے کے بعد اب اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ وہ کیوں فلموں میں نہیں دکھائی دے رہیں۔
فلم فیئر سے بات کرتے ہوئے انوشکا شرما نے تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دراصل وہ آرام کرنا چاہتی ہیں۔
انوشکا شرما کا کہنا تھا کہ انہوں نےجیسے ہی شادی کی تو انہوں نے ایک کےبعد ایک فلم کی اور انہیں شوہر ویرات کوہلی کے ساتھ گزارنے کے لیے بھی وقت نہیں ملا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد انہوں نے پہلے سوئی دھاگا اور پھر زیرو میں کام کیا اور انہیں شوہر کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا، جس وجہ سے انہوں نے فلمی مصروفیات سے چھٹی لینے کا فیصلہ کیا۔
انوشکا شرما کے مطابق انہوں نے سوچ سمجھ کر کئی ماہ تک کوئی کام نہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور وہ مزید چند ماہ تک کسی فلمی منصوبے میں دکھائی نہیں دیں گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ شوہر ویرات کوہلی سے اچھا وقت گزارنا چاہتی ہیں اور ایک تخلیقی شخص کے لیے لازم ہے کہ وہ شدید کام سے کچھ وقت کے لیے چھٹیاں لے۔