باجی فلم کینیڈا کے شائقین کا دل جیتنے کے لیے تیار
ہدایت کار ثاقب ملک کی ہدایات میں بننے والی پہلی فلم ‘باجی’ اب پاکستان کے بعد کینیڈا کے شائقین کا دل جیتنے کے لیے تیار ہے۔
فلم ‘باجی’ نامور فلم فیسٹیول موسیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول کا حصہ بننے جارہی ہے۔
یہ فیسٹیول انٹاریو کے شہر مسسی ساگا میں رواں سال یکم سے 4 اگست تک متعقد ہوگا جہاں جنوبی ایشیا کے سینما میں بننے والی بہترین فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
فلم کے ہدایت کار ثاقب ملک کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ‘میں بےحد پرجوش ہوں کہ میری فلم باجی اس فیسٹیول کا حصہ بنی، یہ میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ اس فلم کا یہاں بڑی فلموں کے ساتھ مقابلہ ہے اور اسے ایوارڈز بھی مل سکتے ہیں’۔
ثاقب ملک کے مطابق انہیں امید ہے کہ وہ خود اس فیسٹیول کا حصہ بننے کی کوشش کریں گے اور 2 اگست کو فلم کی نمائش پر کینیڈا میں موجود ہوں گے۔
فلم میں ایک اہم کردار نبھانے والے اداکار علی کاظمی بھی اس فیسٹیول کا حصہ بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ فلم میں میرا نے مرکزی کردار نبھایا تھا، جن کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔
‘باجی’ میں ان کے ساتھ ساتھ آمنہ الیاس، عثمان خالد بٹ اور نئیر اعجاز نے بھی اہم کردار نبھائے۔
فلم کی ریلیز کے بعد اسے تجزیہ کاروں کے مثبت ریویوز بھی موصول ہوئے۔