مصباح الحق کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر سماعت
Lahore High Court (LHC) has sought a reply from the Pakistan Cricket Board (PCB) over the appointment of Misbah-ul-Haq as head coach and chief selector.
لاہور ہائیکورٹ نے مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ تعیناتی کیخلاف درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے جواب طلب کر لیا ہے ، جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق ہمارے ملک کے سٹار ہیں اور آپ نے ملکی سٹار کیخلاف ہی باتیں شروع کر دی ہیں ، آپ کو خوشی ہونی چاہیے اس بار کوچ امپورٹ نہیں کیا گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ تعیناتی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی ، جس میں درخواستگزار نے سابق کپتان کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کو کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے ،کہ مصباح الحق کی تقرری میرٹ کی خلاف ورزی ہے ۔ جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو مصباح الحق کی قابلیت پر شک ہے ؟ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ مجھے مصباح الحق کی قابلیت پر کوئی شک نہیں ہے لیکن ان کی تقرری کیلئے جو طریقہ کار اپنایا گیا و ہ غلط ہے ۔
جسٹس امیر بھٹی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق ہمارے ملک کے سٹار ہیں اور آپ نے ملکی سٹار کیخلاف ہی باتیں شروع کر دی ہیں ، آپ کو خوشی ہونی چاہیے اس بار کوچ امپورٹ نہیں کیا گیا ہے ، کیا مصباح جیسے کھلاڑی ہمارے کوچ نہیں ہونے چاہئیں ، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اچھا کام کیا تعریف کرنی چاہیے ۔
درخواست گزار کا کہناتھاکہ مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کا تجربہ نہیں ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کا کیا خیال ہے ہیڈ کوچ انگلینڈ یا آسٹریلیا سے ہوناچاہیے ۔لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے جواب طلب کر لیا ہے ۔