URDUSKY || NETWORK

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دی

38

Mohammad Amir Announces Retirement from Test Cricket

لاہور پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باولر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیاہے لیکن انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ پاکستان کیلئے ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی کرکٹ جاری رکھیں گے ۔محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچوں میں 119 وکٹیں حاصل کی ہیں ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں محمد عامر کا کہناتھا کہ یہ ان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ انہوں نے کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی ، بہر حال میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی اختیار کروں اور محدود اوورز کی کرکٹ پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کروں ۔ان کا کہناتھا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا میری ہمیشہ سب سے پہلی خواہش اور مقصدرہا ہے اور میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ سمیت قومی ٹیم کے مستقبل میں آنے والے دیگر چیلجنز سے نمٹنے کیلئے بھر پور کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا ۔

محمد عامر کا کہناتھا کہ یہ فیصلہ کرنا اتنا آسان نہیں تھا اور میں اس بارے میں کچھ عرصے سے سوچ رہا ہوں ، چونکہ آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا جلد ہی آغاز ہونے جارہاہے اور پاکستان کچھ بہترین نوجوان باولرز کو بوسٹ بھی کر رہا ہے اس لیے بہتر تھا کہ میں وقت پر ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق اپنا فیصلہ کر لوں تا کہ سلیکٹرز اس کے مطابق اپنی منصوبہ بندی کر سکیں ۔ان کا کہناتھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے تمام ٹیم ممبرز اور حریفوں کا شکریہ ادا کرتاہوں کیونکہ ان کے ساتھ اور حریفوں کے خلاف کھیلنا میرے لیے ایک اعزاز تھا ۔ان کا کہناتھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے مجھے پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز بخشا اور اپنے سینے پر سنہری ستارہ سجایا ۔ محمد عامر نے اپنے پیغام میں تمام کوچز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کھیل کے مختلف مراحل میں بھر پور ساتھ دیا اور نکھارا

محمد عامر نے جولائی2009 میں سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا ، انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز میں 30.47 اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں اور ان کے ٹیسٹ کریئر کی سب سے بہترین پرفارمنس ویسٹ انڈیز کیخلاف رہی جس دوران محمدعامر نے 44 سکور دیتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پولین پہنچایا ، یہ میچ اپریل 2017 میں کنگسٹن میں کھیلا گیا تھا ۔