حساس انسانی رشتوں پرمبنی ریلز ہونے والی نئی فلم’یہ فاصلے’
واشنگٹن 3.03.11
حساس انسانی رشتوں کے گرد گھومتی پروڈیوسر اوم پرکاش متل کی نئی فلم ‘یہ فاصلے’ چار مارچ کو ریلیز ہورہی ہے۔ فلم کی ہدایات یوگیش متل نے دی ہیں جبکہ نمایاں ستارے ہیں انوپم کھیر، پون ملہوترہ، ٹینا دیسائی اور رشد رانا۔
ارونیما شہر کے سب سے بڑے بلڈر دیویندر دیوی لال دعا کی بیٹی ہے جو بیرون ملک سے تعلیم مکمل کرکے برسوں بعد وطن واپس آتی ہے۔ ارونیما کی ماں اس کے بچپن میں ہی ایک حادثے میں ہلاک ہو گئی تھی۔ تب سے باپ ہی نے اسے ماں بن کر پالا تھا اور ارونیما باپ ہی نہیں ماں کا پیار بھی دیویندر کو دیتی آئی تھی۔
دیویندر ایک ملنسار اوراپنی بیٹی سے بے انتہا محبت کرنے والا شخص ہے۔ لیکن اسے اپنی دولت اور معاشرے میں اعلیٰ مقام رکھنے پر فخر بھی ہے۔ اس کے باوجود وہ لوگوں کی مشکل وقت میں مدد کرتا آیاہے۔ ارونیما کی نظر میں اپنے باپ کا بہت اعلیٰ مقام ہے ۔ اس کی خواہش ہے کہ کاش اس کی ماں زندہ ہو جائے اور اس کے باپ کے ساتھ پھر سے ہنسی خوشی زندگی گزارنے لگے۔
زندگی اپنی مخصوص رفتار سے گامزن تھی کہ اچانک ایک دن ارونیما کو اپنی ماں کی وصیت ہاتھ لگ جاتی ہے۔ وصیت سے یہ راز کھلتا ہے کہ اس کے ماں باپ کی زندگی خوشگوار نہیں تھی۔ وصیت ہی اس پر یہ انکشاف کرتی ہے کہ اس کا باپ اصل میں ویسا نہیں ہے جیسا نظر آتا ہے۔ تاہم اسے ان باتوں پر یقین نہیں ہوتا۔ وہ اپنے باپ کی برائی سننے پر آمادہ نہیں اسی لئے ارونیما اپنی ماں کی سہیلیوں اور جاننے والوں سے رابطہ کرتی ہے۔
ان لوگوں سے ملاقات ارونیما کے لئے مزید تکلیف کا باعث بنتی ہے۔ اس پر انکشاف ہوتا ہے کہ ماضی میں اس کا باپ ایک سخت گیراور گھمنڈی آدمی تھا جس کے سبب وہ آج تک کسی سے دوستی نہیں کرسکا۔ ارونیما کو وصیت سے ہی یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ اس کے ماں اور باپ ایک دوسرے سے ہر چیز میں مختلف تھے۔ اختلافات کے سبب ہی دونوں میں اکثر ناچاقی رہتی تھی۔ یہی نہیں بلکہ عادتاً بھی وہ کسی کو پسند نہیں کرتا تھا ۔ اسی سبب اس کا کوئی دوست بھی نہ بن سکا۔
ارونیما کو ان باتوں سے شدیدذہنی جھٹکا لگتا ہے کہ وہ شخص جس سے وہ سب سے زیادہ پیار کرتی ہے وہ کتنے روپ رکھتا ہے۔ اور کتنے روپ سے ابھی تک وہ آگاہ نہیں ہے۔
ارونیما باپ کی محبت اور سچ کے بیچ مخمصے میں پھنس جاتی ہے۔ شک کی تمام انگلیاں اسکے باپ کی طرف ہی اٹھتی ہیں۔ ایک ایسا شخص جو اس کے نزدیک سب سے پیارا ہے وہی سب سے زیادہ مشکوک ہے۔
ان حالات میں ارونیما اپنے ماں باپ کے ماضی کے بارے میں تحقیقات کرتی ہے اور جاننے کی کوشش کرتی ہے کہ اسکی ماں کی موت کس طرح واقع ہوئی۔ یہیں سے کہانی ایک نیا موڑ لیتی ہے اور پھر شروع ہوتی ہے رشتوں کی وہ کشمکش جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے
بشکریہVOA۔