برائن ایڈم ہالی وُڈ واک آف فیم کے اسٹار
معروف کینیڈین گلوکار برائن ایڈم کو ہالی وُڈ کے واک آف فیم اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ مرکزی بلیوارڈ کی فٹ پاتھ پر ان کے نام سے ایک ستارہ نصب کر دیا گیا ہے۔
گریمی ایوارڈ یافتہ برائن ایڈم کی زندگی میں انہیں ایک اور اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ ان کے نام کا ایک ستارہ ہالی وُڈ کی اُس پرکشش بلیوارڈ کے فٹ پاتھ پر نصب کردیا گیا ہے، جہاں معروف فنکاروں کے نام کے ستارے سیاحوں اور شائقین کے لیے باعث کشش ہیں۔ یہ شاہراہ واک آف فیم کے نام سے مشہور ہے۔
برائن ایڈم کے ساتھ اسی ستارے پر ان کے ہم وطن ہاکی کے لیجنڈری اور مشہور کھلاڑی Wayne Gretzky کا نام بھی درج ہے۔ ترتیب کے اعتبار سے یہ ہالی وڈ بلیوارڈ پر دو ہزار 435 واں ستارہ ہے۔
کینییڈا کے دونوں نامور ستارے جس وقت لاس اینجلس میں واک آف فیم کی خصوصی تقریب میں شریک تھے، اس وقت بے موسمی بارش ہو رہی تھی۔ اس موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں برائن ایڈم کا کہنا تھا کہ وہ فلمی صنعت کے اس شہر سے اس وقت سے عقیدت اور محبت رکھتے ہیں جب وہ ابھی نوعمر تھے۔ تقریب میں انہوں نے شرکا اور منتظمین کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور اس اعزاز کو بہت معتبر قرار دیا۔
اکاون سالہ برائن ایڈم مغربی موسیقی کے جدید انگ کے نمایاں اور نامور فنکاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ ان کو ایک آئیکون کا مقام حاصل ہے۔ ان کے کئی گیت میوزک چارٹس پر مختلف اوقات میں نمبر ون رہ چکے ہیں۔ وہ کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے مشہور گیتوں میں سے 1983ء میں مقبول ہونے والا ’کٹ لائک آ نائف‘ اہم ہے۔ انہیں 1991ء میں رابن ہڈ، پرنس آف تھیوز کے ایک گیت پر گریمی ایوارڈ دیا گیا تھا۔
برائن ایڈم کی آواز کا ایک منفرد پہلو یہ رہا ہے کہ وہ گیت کو معنی کے ساتھ ہم آہنگ کردیتے تھے۔ ان کے گیتوں کے لاکھوں البم چالیس سے زائد ملکوں میں فروخت ہو چکے ہیں۔ کینیڈا میں بھی ایڈم کو انتہائی احترام سے دیکھا جاتا ہے
بشکریہ ڈی ڈبلیوڈی۔