آسٹریلین بلے باز مارنس لبوشین اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی نئی رینکنگ میں تین دفرجے ترقی کر کے پانچ بہترین بلے بازوں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ بابر اعظم بھی پہلی مرتبہ 10بہترین ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔
پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچوں کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں متعدد کھلاڑی ترقی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
مارنس لبوشین نے پاکستان کے خلاف شاندار فارم کا سلسلہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی جاری رکھا اور 153 اور 50رنز کی اننگز کھیلنے کی بدولت تین درجہ ترقی کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے خلاف سیریز میں رنز کے انبار لگانے والے ڈیوڈ وارنر سیریز کے افتتاحی میچ میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے جس کا نتیجہ ان کی عالمی درجہ بندی میں دو درجہ تنزلی کی صورت میں برآمد ہوا اور وہ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ابتدائی 4 بلے بازوں کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور ویرات کوہلی پہلے، اسٹیو اسمتھ دوسرے، کین ولیمسن تیسرے اور چتیشور پجارا چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
پانچویں نمبر پر لبوشین کے بعد چھٹے پر اجنکیا راہانے، ایک درجہ تنزلی کے بعد انگلش کپتان جو روٹ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری، عابد علی کا نیا عالمی ریکارڈ
بابر اعظم نے بھی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور سنچری اسکور کر کے پہلی مرتبہ ٹاپ 10 بلے بازوں میں جگہ بناتے ہوئے چار درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سری لنکن کپتان دمتھ کرونارتنے 10واں نمبر برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔
ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو پر بھی سنچری کے بعد عالمی ریکارڈ بنانے والے عابد علی نے 78ویں نمبر کے ساتھ عالمی رینکنگ میں انٹری کی جبکہ عالمی درجہ بندی میں ترقی ہانے والے دیگر بلے بازوں میں روس ٹیلر، اینجلو میتھیوز، دھننجیا ڈی سلوا، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور جو برنز شامل ہیں۔
باؤلنگ کی بات کی جائے تو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 9وکٹیں لے کر مچل اسٹارک 9درجہ ترقی کر کے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پیٹ کمنز اور کگیسو ربادا بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر موجود ہیں لیکن نیل ویگنر ایک درجہ ترقی کر کے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کو ایک درجہ نیچے دھکیل دیا۔
جسپریت بمراہ ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے جبکہ جوز ہیزل وُڈ ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ورنن فلینڈر اور جیمز اینڈرسن کی بھی دو درجہ تنزلی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ٹم ساؤدھی بھی تین درجہ ترقی کے بعد سرفہرست 10باولرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ آسٹریلیا کے نیتھن لائن کی بھی دو درجہ رینکنگ بہتر ہوئی ہے۔
پاکستانی باؤلرز میں نسیم شاہ 15 درجے ترقی کے بعد 110ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ شاہین شاہ بھی درجے ترقی کے بعد 47ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں جیسن ہولڈر پہلے، رویندرا جدیجا دوسرے اور بین اسٹوکس تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔