بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رسل ڈومینگو نے کہا ہے کہ اگر بورڈ نے اجازت دی تو وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہیں گے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق رسل ڈومینگو کا کہنا تھا کہ اگر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورے کے لیے ہامی بھری تو وہ پاکستان جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ان لوگوں میں سے ہوں جو دورہ کرنا چاہتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو میں جاؤں گا۔
ڈومینگو نے کہا کہ ‘میرے خیال میں ہم اس معاملے پر اسی وقت بات کر سکتے ہیں جب ایک دفعہ یہ فیصلہ ہوجائے، ہمیں کرکٹ بورڈ سے بات کرنے کی ضرورت ہے اور بورڈ فیصلہ کرے گا کہ اگلہ لائحہ کیا ہوگا’۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کا دورہ پاکستان رواں ماہ شیڈول ہے اور دورے میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے صرف ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کی رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی جس کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسترد کرتے ہوئے اس کی ٹھوس وجوہات کا مطالبہ کیا تھا۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی دو ٹیمیں پاکستان میں کھیل چکی ہیں لہٰذا پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ بتائی جائے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہیں کہ ہم پاکستان میں صرف ٹی20 میچز کھیلنا چاہتے ہیں، بنگلہ دیش ٹیم کا طویل دورہ پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے منسلک متعلقہ افراد اور ادارے پاکستان میں طویل دورانیے کے میچز نہیں کھیلنا چاہتے اور دراصل ہمارے پاس کوئی آپشن ہے ہی نہیں، ہم ٹی20 میچز کھیل سکتے ہیں لیکن ٹیسٹ میچز کھیلنے کی بات کی جائے تو وہ نیوٹرل مقام پر ہی منعقد ہوں گے۔