آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی20 میں پاکستان نے حریف ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 119 رنز ہدف دیا لیکن بارش کے باعث میچ منسوخ ہوگیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم نے 107 رنز بنائے لیکن بارش کے باعث میچ 15 اوورز تک محدود کرنے کے باعث آسٹریلوی ٹیم کو ڈی ایل ایس کے تحت 119 رنز کا ہدف دیا گیا تھا۔
دوسری اننگ کے دوران بارش سے قبل آسٹریلیا نے 3 اوررز بغیر وکٹ پر 41 اسکور کیے تھے، کپتان ایرون فنچ نے 37 اور ڈیوڈ وارنر نے 2 رنز بنائے۔
تاہم دوسری اننگ کے دوران بارش ہونے کے باعث میچ کو دوبارہ روک دیا گیا تھا جسے بعدازاں بارش نہ رکنے کی صورت میں منسوخ کردیا گیا۔
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
سڈنی کے کریکی گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میں پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم جبکہ آسٹریلیوی ٹیم کی سربراہی ایرون فنچ نے کی۔
میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور کپتان بابر اعظم کے علاوہ 12 ویں اوور کے دوران 3 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔
ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن فخر زمان پہلے اوور کی دوسری بال پر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
فخر زمان کے بعد حارث سہیل نے اننگ کے شاندار آغاز کی کوشش کی لیکن وہ دوسرے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
حارث سہیل کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کپتان بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور 60 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد ایشٹون اگار کی بال کا شکار ہوگئے، انہوں نے 33 رنز بنائے۔
تاہم سڈنی میں آج تیز بارش اور طوفان کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ تھا اور ٹاس کے فوری بعد ہلکی بارش شروع ہوگئی تھی جس کے باعث کچھ تاخیر سے میچ کا آغاز ہوا تھا۔
بعدازاں میچ کے 12ویں کے دوران پھر بارش ہوئی اور میچ روک دیاگیا، اس وقت قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے تھے۔
بارش کے باعث میچ کو 15 اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا اور بارش رکنے کے بعد میچ کے دوبارہ آغٖاز پر کریز پر موجود آصف علی نے صرف ایک رن بنایا اور پویلین لوٹ گئے۔
12ویں اوور میں میچ روکنے سے قبل آصف علی نے 10 رنز بنائے تھے اور دوبارہ آغاز پر ایک رن بنانے کے باعث وہ صرف 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے
آصف علی کے بعد عماد وسیم نے میدان سنبھالا لیکن پہلی ہی گیند پر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے جن کے بعد افتخار احمد صرف ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 59 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ ٹی 20 میچ میں بابر اعظم پاکستان کی قیادت کررہے ہیں اور اسکواڈ میں شامل بقیہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔
آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عامر، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، اور وہاب ریاض۔
آسٹریلیا کی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ٹیم ہیں اور اسکواڈ میں شامل بقیہ کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔
ڈیوڈ وارنر، اسٹیو اسمتھ، بین مکڈرمیت، ایشٹون ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹون اگار، پیٹ کمنز، میچل اسٹارک، کین رچرڈسن، ایڈم زیمپا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی20 سیریز تین میچز پر مشتمل ہے جس کا پہلا میچ آج سڈنی میں کھیلا گیا جبکہ دوسرا میچ 5 نومبر، تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو شاداب خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم نے دورہ آسٹریلیا کے دوران اپنے وارم اپ میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون کو 6وکٹوں سے شکست دے کر دورے کا کامیابی سے آغاز کیا تھا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں کرکٹ آسٹریلیا الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد عرفان نے ریان گبسن کی وکٹیں بکھیر دیں۔