’آفریدی کی ریٹائرمنٹ افسوس ناک‘


کوچ کا ایک کام ہوتا ہےاور میں یہ کام پوری ایمانداری سےکرتا ہوں:وقار یونس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس نےکہا ہے کہ شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کی خبر کافی افسوس ناک تھی تاہم ان کے کسی کے ساتھ ذاتی اختلافات نہیں ہیں۔

وقار یونس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ پر جو بھی رد عمل ہے وہ اس پر کوئی رائے نہیں دینا چاہتے ہیں۔

کرکٹ بورڈ کو ٹیم کے دورے آئر لینڈ کی رپورٹ دینے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا ’انہیں شاہد آفریدی کی یہ بات کہ میں بہت زیادہ مداخلت کرتا ہوں سمجھ نہیں آئی کیونکہ کوچ کا ایک کام ہوتا ہے اور میں یہ کام پوری کوشش اور ایمانداری سے کرتا ہوں۔‘

جب آپ سال کے آٹھ سے دس مہینے اکٹھے رہتے ہیں تو اختلافِ رائے ہو جاتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ آسمان سر پر اٹھا لیں۔

وقار یونس

انہوں نے کہا کہ جب آپ سال کے آٹھ سے دس مہینے اکٹھے رہتے ہیں تو اختلافِ رائے ہو جاتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ آسمان سر پر اٹھالیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جو کچھ ہوا بہت افسوسناک ہے کیونکہ پاکستان کی کرکٹ بہتر سے بہتر ہو رہی تھی۔

نامہ نگار مناء رانا کے مطابق وقار یونس کا کہنا تھا کہ وہ شاہد آفریدی کی کپتانی سے مطمئن تھے۔

وقار یونس نے کہا کہ انہوں نے رپورٹ لکھ دی ہے اب یہ بورڈ پر منحصر ہے کہ وہ کیا ایکشن لیتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ وہ ایک مثبت سوچ کے حامل شخص ہیں اور ان کی کوشش ہمیشہ یہ رہی کہ پاکستان کی ٹیم بہتر سے بہتر ہو۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز جیتنے کے بعد کپتان شاہد آفریدی نے بنا کسی کا نام لیے کہا تھا کہ ہر شخص کو اپنا اپنا کام کرنا چاہیے۔

آفریدی کے اس بیان کو ان کی ٹیم مینجمنٹ اور خاص طور پر وقار یونس کے ساتھ اختلافات کے تناظر میں دیکھا گیا جس کے بعد انہیں آئرلینڈ کے خلاف ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا۔

کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کے بعد شاہد آفریدی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

BBC Urdu

Entertainmentsorrow on affridi's retiermentwaqar ounis coachwaqar younis
Comments (0)
Add Comment