Sri Lanka have never won a three-match T20 series 3-0. Pakistan have also never been whitewashed in a three-match series.
سری لنکا نے تیسرے ٹی20 میچ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کردیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹی20 میچ کا ٹاس سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے جیتا اور پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے لیے پاکستان ٹیم میں 3 اور سری لنکا نے 5 تبدیلیاں کیں۔
محمد عامر نے 18 رنز پر ہی پاکستان کو پہلی وکٹ دلائی جس کے بعد عماد وسیم نے سمارا وکرما کو 28 رنز پر آؤٹ کردیا۔
محمد عامر نے جلد ہی ایک اور وکٹ دلائی اور 30 کے اسکور پر تیسری وکٹ گرا کر سری لنکا کے لیے مشکلات کھڑی کیں، پریرا نے جارحانہ انداز میں کھیلنے کی کوشش کی لیکن سرفراز احمد اور افتحار احمد کے گٹھ جوڑ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا تاہم فرنینڈو نے ٹیم کو اس مشکل سے نکال لیا۔
58 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد فرنینڈو پاکستانی ٹیم کے ڈٹ گئے اور دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کے باوجود عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر بہتر مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔
پہلا میچ کھیلنے والے اوشادا فرنینڈو کی ناقابل شکست 3 چھکوں اور 8 چوکوں سے مزین 78 رنز کی اننگز کی بدولت سری لنکن ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور محمد عامر 2، 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
لگاتار تیسرے ٹی20 میچ میں ہدف کا تعاقب کرنے والی پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز اس مرتبہ مزید بھیانک ثابت ہوا اور پہلی ہی گیند پر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔
اس موقع پر بابر اعظم کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز کی شراکت قائم کی لیکن تیز رفتاری سے رنز نہ کرنے کے سبب درکار رن ریٹ بتدریج بڑھتا رہا۔
بابر اعظم تیسرے ٹی20 میچ میں بھی جدوجہد کرتے نظر آئے اور 32 گیندوں پر صرف ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
سیریز کا پہلا میچ کھیلنے والے حارث سہیل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 50 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد ان کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔
عماد وسیم کو تیز رفتاری سے رنز بنانے کے لیے اوپری نمبروں پر بھیجا گیا لیکن وہ اس مرتبہ کچھ خاص نہ کر سکے اور صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ آصف علی بھی ایک ہی رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔
اس مرحلے پر ٹیم کی امیدیں کپتان سرفراز احمد سے وابستہ تھیں لیکن وہ بھی 16 گیندوں پر 17 رنز بنانے کے بعد ونندو ہسارنگا کا تیسرا شکار بن گئے۔
گزشتہ دونوں میچوں کی طرح اس میچ میں بھی سری لنکن باؤلرز نے کمال لائن اور لینتھ پر باؤلنگ کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور اپنی ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔
پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی اور سری لنکا نے میچ میں 13 رنز سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں-
سری لنکا: داسن شناکا (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، سدیرا سماراوکرانا (وکٹ کیپر)، بھنوکا راجاپکسا، انجیلو پریرا، اوشادا فرنانڈو، وانندو ہسارنگا، لہیرو مدوشانکا، لکشن سنڈیکان، کوس راجیتھا، لہیرو کمارا
پاکستان: سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، محمد عامر، عثمان شنواری
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں پاکستانی ٹیم 101 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور دوسرے میچ میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی اور 35 رنز سے شکست کے بعد سیریز 0-2 سے گنوا بیٹھی تھی۔