پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ بارش اور نیشنل اسٹیڈیم کی خراب آؤٹ فیلڈ کے سبب منسوخ کردیا گیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونا تھا جس کے ساتھ ہی شہر قائد میں 10بعد ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہونی تھی۔
تاہم جمعہ کو شدید بارش کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ اور احاطے میں جمع ہونے والے پانی کو نہ نکالا جا سکا اور میدان کھیل کے قابل نہ ہو سکا جس کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
بارش کے سبب دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا اور اتوار کو ہونے والا میچ اب پیر 30 ستمبر کو ہو گا۔