جے سوریا کی سری لنکن ٹیم میں واپسی

Sanath_Jayasuriya_300

 جے سوریا نے چار سو چوالیس ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں تیرہ ہزار چار سو اٹھائیس رنز بنائے ہیں

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے تجربہ کار بلے باز جے سوریا کو انگلینڈ کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہونے والے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے طلب کیا ہے۔

اکتالیس سالہ جے سوریا کو رواں برس منعقد ہونے والے ورلڈ کپ کے سکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کے بعد یہ خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ ان کا بین الاقوامی کیرئیر ختم ہو چکا ہے۔

تاہم جے سوریا اب انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں سری لنکا کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

جے سوریا نے چار سو چوالیس ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بتیس رنز کی اوسط سے تیرہ ہزار چار سو اٹھائیس رنز بنائے ہیں۔انہوں نے اپنے کیرئیر میں تین سو بائیس وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔

سری لنکن ٹیم کے کپتان دلشان انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کے دوران زخمی ہو گئے تھے اور اب تیسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت مشکوک ہے۔

کمار سنگاکارا انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔

آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد منتحب کیا جائے گا جبکہ تیز رفتار بالر ملنگا کی بھی ون ڈے میں واپسی ہوئی ہے۔

سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ایک ٹی ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سریز پچیس جون سے شروع ہو گی جبکہ آخری میچ نو جولائی کو کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کا سکواڈ : دلشان، کندامبی، سنگاکارا، جے وردھنے، چندی مال، جے مینڈس، ملنگا، کالوسیکرا، فرنینڈو، رندیو، اجندا مینڈس، جے سوریا، اینجلو میتھیوز، ایس لکمال اور ٹی پریرا

BBC Urdu

cricketgamesjayasuriajayasuria backsportssrilanka
Comments (0)
Add Comment