لاہور…پیپلز پارٹی پنجاب نے انیس نکاتی ایجنڈے پر دھرنے کی کال واپس لے لی۔ سینئر صوبائی وزیر راجا ریاض نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان کے مطالبات پورے کرینگے۔وہ لاہور میں ایری گیشن ڈپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ سینئر وزیر راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سے ملاقات میں لوٹا کریسی، صوبے میں مہنگائی، مالی بحران اورامن وامان کی صورتحال پر بھی بات ہو گی۔ انہیں امید ہے وزیراعلیٰ شہباز شریف جو وعدے کریں گے ان پر عمل درآمد بھی ہوگا۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وہ میثاق جمہوریت اور18 ویں ترمیم کی خلاف ورزی نہیں ہونے دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی جماعت کے ارکان کو توڑ کر فارورڈ بلاک بنانا مسلم لیگ ن کو زیب نہیں دیتا۔اس سے قبل وزیراعلیٰ شہباز شریف نے سینئر وزیر راجا ریاض کوملاقات کیلئے بلا لیا۔پیپلزپارٹی کے سینئر وزیر راجا ریاض کی وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر ہو گی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں پیپلزپارٹی کی طرف سے ن لیگ کے قائد نوازشریف کوبھجوائے گئے انیس نکاتی ایجنڈے پر بات ہوگی۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے ارکان اسمبلی کی طرف سے انیس نکات منظور نہ کئے جانے کیخلاف آج پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کاا علان کیا گیا ہے ۔