ایک تحقیق کے مطابق آلودہ فضا کے باعث دل کا دورہ پڑنےکا خطرہ، کوکین کے استعمال کے باعث دل کے دورےکے خطرے سے زیادہ ہے۔
اِس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کو الکحل اور کافی کے استعمال کے علاوہ جسمانی مشقت کے باعث دل کے دورے کا سبب بنے والے عوامل میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
معروف طبی جریدے The Lancet journal میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں محقیقین کا کہنا ہے کہ سیکس، غصہ، بھنگ کا استعمال، سینے اور تنفس کا انفیکشن کسی نہ کسی حد تک دل کے دورے کا سبب بنتا ہے۔ تاہم فضائی آلودگی، خاص طور سے زیادہ ٹریفک کے باعث پیدا ہونے والی آلودگی، دل کے دورے کے پیچھے کارفرما ایک بڑا سبب ہے۔
اس تحقیق سے حاصل ہونے والے نتائج کی روشنی میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی جیسے مسئلے کو دل کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے عوامل میں سے ایک کی حیثیت سے سنجیدگی سے لینا چائیے۔
اس تحقیقی ٹیم کی رہنمائی کی ہے، بیلجیئم کی ہیسلٹ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محقق سائنسدان Tim Nawrot نے۔ ایک ٹیلیفون انٹرویو میں وہ کہتے ہیں کہ ان کی یہ تحقیق ڈاکڑوں کو اس بات کی جانب راغب کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی کہ وہ عوامی یا آبادی کی سطح پر اس خطرے کو کم کرنے کے بارے میں سوچیں۔ وہ کہتے ہیں، ’ڈاکڑ ہمیشہ مریضوں کا انفرادی سطح پر معائنہ کرتے ہیں اور اس دوران بظاہر کم خطرات کے حامل عوامل اتنے اہم نظر نہیں آتے۔ لیکن اگر ان عوامل کو پوری آبادی پر منطبق کر کے دیکھا جائے توان کا تعلق بڑے پیمانے پر عوامی صحت سے بنتا ہے‘۔
اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے صحت نے بھی فضائی آلودگی کو ‘صحت کے لیے ایک بڑا ماحولیاتی خطرہ‘ قرار دیا ہے۔ ادارے کے ایک اندازے کے مطابق فضائی آلودگی ہر سال دنیا بھر میں دو ملین کے قریب ہونے والی قبل از وقت اموات کا سبب بھی ہے۔
اس تحقیق کے لیےNawrot کی ٹیم نے 36 مختلف مطالعاتی جائزوں سے حاصل کردہ مواد اکٹھا کیا۔ اس کے بعد دل کے دورے کا سبب بنے والے عوامل اور ان کے سبب ہونے والے تمام ہارٹ اٹیکس کی تعداد کا حساب لگایا۔ ان سے حاصل ہونے والے نتائج کے مطابق ٹریفک کے دھوئیں کے باعث دل کے دورے کا خطرہ سر فہرست رہا۔ اس کے بعد بالترتیب جسمانی تھکان یا مشقت، الکحل کا استعمال، کافی، فضائی آلودگی اور پھر غصہ، سیکس، کوکین کا نشہ، بھنگ کا استعمال اور آخر میں سانس سے متعلق انفیکشن رہی۔
Nawrot کے مطابق اس مطالعے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انفرادی سطح پر دیکھا جائے تو کوکین کے استعمال کے باعث لوگ دل کے دورے کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ تاہم ٹریفک کے باعث ہونے والی آلودگی کے اثرات اجتماعی طور پر زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں کیونکہ یہ ایک وقت میں زیادہ لوگوں کو متاثر کر رہی ہوتی ہے
۔بشکریہ ڈی ڈبلیو ڈی
yeah nice
yeah nice