The PlayStation 5 is coming at the end of 2020
سونی نے اپنے نئے کنسول یعنی پلے اسٹیشن 5 کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی دستیابی کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پلے اسٹیشن 5 اگلے سال کے آخر میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ پلے اسٹیشن 5 کے کنٹرولر میں متعدد تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور پہلی بار رمبل ٹیکنالوجی کی جگہ نئی ہیپٹک فیڈبیک ٹیکنالوجی کو دی جارہی ہے۔
ایک اور بڑی تبدیلی اڈپٹو ٹریگرز نامی ٹیکنالوجی ہے جس کی بدولت ڈویلپرز ٹریگرز ریزیزٹنس پروگرام بناسکیں گے۔
وائرڈ نامی سائٹ نے پروٹوٹائپ پلے اسٹیشن 5 کنٹرولرز کو دیکھا ہے اور اس کے بقول یہ پی ایس 4 کے ڈوئل شاک 4 جیسا ہی لگتا ہے تاہم سونی نے تصدیق نہیں کی کہ اسے ڈوئل شاک 5 کا نام دیا جاتا ہے یا نہیں۔
اس سائٹ نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس 5 کنٹرولر میں یو ایس بی سی دی گئی ہے جبکہ بڑی بیٹری اور پہلے سے بہتر اسپیکرز بھی دیئے جارہے ہیں۔
سونی انٹرایکٹیو انٹرٹینمنٹ کے سی ای او جم ریان اور پی ایس 5 سسٹم آرکیٹیکٹ مارک سیرنی نے اس حوالے سے سائٹ کو مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جی پی یو ہارڈوئیر میں رے ٹریسنگ ایکسلیریشن موجود ہے۔
اس انٹرویو میں یہ بھی تصدیق کی گئی کہ نئے پلے اسٹیشن میں 100 جی بی بلیو رے ڈسکس استعمال ہوں گی، جبکہ کمپنی پہلے ہی تصدیق کرچکی ہے کہ کنسول میں ڈسک ڈرائیو دی جائے گی مگر تمام گیمز کو انٹرنل ایس ایس ڈی پر انسٹال کرنا ہوگا۔
درحقیقت سپرفاسٹ ایس ایس ڈی سب سے بڑی اپ ڈیٹ ہے جو سونی نے ظاہر کی ہے اور کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ ڈیٹا ریڈ اسپیڈ کو بھی بہتر کیا جائے گا تاکہ گیمز اسٹوریج میں زیادہ جگہ نہیں گھیر سکیں۔
نئے پلے اسٹیشن کا یوزر انٹرفیس بھی مکمل طور پر بدلا گیا ہے اور ہوم اسکرین پر اب زیادہ تفصیلات سوشل فیچرز نظر آئیں گے۔
پلے اسٹیشن 5 میں 8 کور سی پی یو، کاسٹیوم جی پی یو، تھری ڈی آڈیو، 8 کے گیمنگ سپورٹ (جبکہ 120 ہرٹز4 کے گیمنگ سپورٹ)، بجلی کے کم استعمال کا آپشن، پی ایس فور بیک ورڈز کمپیٹیبلیٹی اور الٹرا فاسٹ ایس ایس ڈی کی یہ کمپنی رواں سال پہلے ہی تصدیق کرچکی ہے۔