فیس بک کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے نیا فیچر متعارف کروا دیا جس کا استعمال کرتے ہوئے ایسی کسی بھی پوسٹ کو رپورٹ کیا جاسکتا ہے جو غلط معلومات پھیلا رہی ہو۔
انسٹاگرام کی اسکرین پر ایک نیا آپشن ‘رپورٹ’ کا اضافہ کردیا گیا ہے، یہ آپشن صارفین کو اس لیے دیا جارہا ہے تاکہ انسٹاگرام پر غلط خبروں کے وائرل ہونے کا سلسلہ روکا جاسکے۔
صارفین کو ایپ پر جب کوئی مشکوک خبر نظر آئے تو وہ اس آپشن کا استعمال کرسکتے ہیں، جس کے بعد غلط معلومات (false information) کا ایک آپشن بھی سامنے آجائے گا۔
اس آپشن کے استعمال سے تیسرا فریق (انسٹاگرام کی ایک ترڈ پارٹی) اس خبر کی تصدیق کرے گا۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے فیس بک کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ یہ آپشن رواں ماہ کے آخر تک ہر صارف کی اسکرین پر ضرور نظر آئے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ نیا فیچر متعارف کرایا جاچکا ہے اور لوگ ایسی پوسٹ کو رپورٹ کرسکتے ہیں جن کے بارے میں انہیں ایسا محسوس ہورہا ہو کہ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں۔
ترجمان کے مطابق وہ انسٹاگرام پر غلط خبروں کے وائرل ہونے کے عمل کی روک تھام کے لیے سرگرم ہیں اور اس پر بھاری سرمایہ کاری بھی کررہے ہیں، امید ہے کہ آنے والے چند ماہ میں اس حوالے سے مزید اپ ڈیٹس شیئر کردی جائیں گی۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں انسٹاگرام پر حساس مواد کی روک تھام کیلئے بھی ایک فیچر متعارف کرایا گیا تھا۔
اس نئے فیچر کے تحت قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز کے تھم نیل کو دھندلا کیا جاسکتا تھا اور لوگ اس مواد کو صرف اسی صورت میں دیکھ سکتے تھے جب وہ اسے اوپن کرنے کے خواہشمند ہوں۔
گزشتہ سال ستمبر میں انسٹاگرام نے پروموٹ نامی فیچر بھی متعارف کرایا تھا جس کا مقصد اس پلیٹ فارم میں منشیات اور خطرناک مواد کی فروخت کی روک تھام کرنا تھا۔