بی بی سی کی ایک خبر کے مطابق دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے موبائل فونز کے لیے فیس بک کا ’ٹیکسٹ اونلی‘ ورژن لانے کا اعلان کیا ہے۔
اس ورژن کو ’فیس بک زیرو‘ کا نام دیا گیا ہے۔
کم بینڈ وڈتھ پر مشتمل یہ سائٹ ان لوگوں کے لیے بنائی گئی ہے جو اپنے موبائل فونز پر فیس بک استعمال کرتے ہیں اور اس کا افتتاح آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا۔
فیس بک منتظمین نے حال ہی میں یہ اعلان کیا تھا کہ اب سو ملین سے زائد افراد اپنے موبائل فونز سے فیس بک استعمال کرتے ہیں۔ برطانیہ کی جی ایس ایم ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں لوگ اپنے موبائل فونز کی مدد سے جتنا وقت انٹرنیٹ پر گزارتے ہیں اس میں سے نصف فیس بک پر صرف ہوتا ہے۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ نئی سائٹ میں زیادہ ڈیٹا استعمال کرنے والی ایپلیکیشنز جیسے کہ تصاویر شامل نہیں ہوں گی۔ فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم اس پر بات چیت کر رہے ہیں کہ موبائل ویب پر فیس بک تک ہر کسی کو ہر جگہ رسائی ہو‘۔
خیال رہے کہ فیس بک پہلے ہی اپنی ویب سائٹ کا ایک کم ایپلیکیشنز والا ورژن لانچ کر چکی ہے جس کا نام ’فیس بک لائٹ‘ ہے۔ اس ورژن کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں سست رفتار انٹرنیٹ کنکشنز پر فیس بک کے استعمال کو آسان بنانا ہے۔.