اپوزیشن نے آزادی مارچ کا آج اسلام آباد میں ہونے والا جلسہ سانحہ تیز گام کے پیش نظر کل تک ملتوی کر دیا گیاہے ۔
نجی ٹی وی اے آر وائے نیوز کے مطابق سانحہ تیز گام کے باعث آزادی مارچ کا جلسہ کل تک ملتوی کر دیا گیا ہے ، جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ مشترکہ اپوزیشن کی جانب سے کیا گیاہے ، جلسہ کل نماز جمعہ کے بعد کیا جائے گا۔ مشترکہ اپوزیشن کے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ آج اسلام آباد جلسہ گاہ پہنچے گا لیکن جلسہ کل تک ملتوی کر دیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ اس وقت گوجر خان پہنچ چکاہے اور آج ہی اسلام آباد جلسہ گاہ پہنچے گا ، مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتیں شریک ہیں جبکہ جلسے میں شہبازشریف نے شرکت بھی کرنی ہے اور خطاب بھی کریں گے ۔
آج صبح ساڑھے چھ بجے کراچی سے راولپنڈی آنے والی تیز گام کی تین بوگیوں میں لیاقت پور کے قریب آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں اب تک 70 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیاہے ۔ حکومت کی جانب سے سانحہ تیز گام میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے پندرہ لاکھ روپے امداد کا اعلان کر دیا گیاہے جبکہ زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔