ایشیائی ترقیاتی بنک نے پاکستان کے لئے ایک ارب ڈالر بجٹ امداد کی منظوری دے دی۔بنک کا کہنا ہے کہ امداد کی منظوری کا فیصلہ پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی اصلاحات پر عملدرآمد کے بعد کیاگیاہے۔ اس رقم سے پاکستان کو اپنے مالیاتی معاملات بہتر بنانے اور بجٹ خسارے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔اے ڈی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت کوسنبھالا دینے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ایک ارب ڈالر کی منظوری دیدی ہے۔پی ٹی وی کے مطابق بجٹ امداد کی یہ منظوری معاشرے کے پسماندہ طبقے کے تحفظ اور مالیاتی نظم و ضبط کے حوالے سے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔
بینک کے مطابق ہنگامی بنیادوں پر دی جانے والی یہ رقم آئی ایم ایف کی نگرانی میں پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے شروع کیے گئے ملٹی ڈونرمعاشی اصلاحاتی پروگرام کاحصہ ہے۔ قرض سپیشل پالیسی کی بنیادوں پر دیاگیاہے۔بنک کے مطابق قرض کی منظوری حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کی اصلاحات کے نفاذ کے بعددی گئی ہے۔بنک کے مطابق ان اصلاحات سے پاکستان کے کرنٹ اکاونٹ خسارہ میں کمی، ریونیو میں استحکام جیسی مثبت تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
پریس ریلیز میں مزید کہا گیاہے کہ اے ڈی بی پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔