جمعیت علماءاسلام ف کے آزادی مارچ نے گزشتہ رات لاہور میں پڑاﺅ ڈالا اور اب کل اسلام آبادپہنچنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں تاہم پڑاﺅ کے دوران مولانا فضل الرحما ن نے نوازشریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا لیکن ڈاکٹر نے طبیعت خراب ہونے کے باعث ملاقات کروانے سے انکار کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق مولانافضل الرحمان نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے ، جو پوری قوم کا مطالبہ ہے وہ سامنے آ جائے گا ، اگر اسلام آباد پہنچ کر کوئی نتائج نہیں ملتے تو تحریک رکے گی نہیں ، یہ تحریک ہے ، یہ کوئی دھرنا نہیں ہے اور نہ ہی ہم نے کبھی دھرنے کا لفظ استعمال کیا ہے ، یہ آزادی مارچ ہے ، اگر اسلام آباد پہنچ کر قوم کی رائے کا احترام نہ کیا گیا تواسے مزید سخت کیا جائے گا ۔
مولانا فضل الرحمان کا کہناتھا کہ نوازشریف کی طبیعت خراب ہے اس لیے ان سے ملنے کیلئے سروسز ہسپتال نہیں جارہا ، ڈاکٹرز کے کہنے پر سروسز ہسپتال کا دورہ منسوخ کر دیاہے ۔ صحافی کے سوال ”اسلام آباد میں دھرنا ہوگایادوستی ہوگی “کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہم اپنے مطالبات رکھیں گے ،یقین سے نہیں کہہ سکتا عمران خان استعفیٰ دیں گے ،اسلام آباددھرنے کا نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے ،مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انشا اللہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے ۔