کراچی . . . . . کراچی میں شاہراہ فیصل پر پی اے ایف فیصل میں واقع پی این ایس مہران پر دہشت گردوں کے حملہ کیا گیا، غیر ملکی خبررساں اداے کے مطابق اس حملے میں چارافراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ نیول کمانڈوز ، میرینز ، رینجرز اور پولیس کے کمانڈوز پی این ایس مہران میں داخل ہوچکے ہیں اور اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پی این ایس مہران کے ہینگر پر کھڑے پاک بحریہ کے امریکی ساختہ پی تھری سی اورین طیارے کو نشانہ بنایا گیا ہے،جس کی وجہ سے شدید آگ لگی ہوئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پی این ایس مہران سے پانچ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہیں۔پورے علاقے میں بلیک آؤٹ کردیا گیا ہے اور سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ کالا سیاہ دھواں اٹھ رہا ہے اور پورا علاقہ دھویں کی لپیٹ میں ہے۔ عسکری و انٹیلی جنس حکام کے مطابق 10سے 12دہشت گرد پی اے ایف میوزیم سے پی این ایس مہران میں داخل ہوئے ، وہ دستی بم اور جدید اسلحے سے لیس ہیں۔ کمانڈوز نے دہشت گردوں کامحاصرہ کرلیا ہے، یہ علاقہ ہائی سکیورٹی زون ہے، جس میں کسی عام شہری کو جانے کی اجازت نہیں ہے۔ دہشت گردوں نے پی این ایس مہران میں پانچ دھماکے کئے ، جس کے بعد مقابلے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پاک بحریہ ،فائر بریگیڈ ،سٹی گورنمنٹ کا عملہ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں دھماکے اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز ڈالمیا سمیت دور دو ر تک سنی گئی، جبکہ شاہراہ فیصل اور راشدمنہاس روڈ پر واقع فلیٹس اور دیگر عمارتیں لرزگئیں۔ پی این ایس فیصل پرپولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھاری تعداد موجود ہے جبکہ رینجرز کے خصوصی تربیت یافتہ دستے بھی پہنچ گئیہیں۔ دوسری جانب سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
Jang |