کراچی : )مانٹرنگ ڈسک( فلم ، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف مزاحیہ ادکار اور میزبان دنیا ئے فانی سے رخصت کر گئے ہیں ۔معین اختر کئی عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے اور یہی بیماری ان کے لئے جان لیوا ثابت ہوئی ۔
معین اختر نے سوگوران میں بیوہ سمیت تین بیٹوں اور دو بیٹیوں کو چھوڑا۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سے تعلق رکھنے والے معین اختر نے پاکستان ٹیلی ویڑن پر اپنے کام کا آغاز 6 ستمبر 1966ءکو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقریبات کے لیے کیے گئے پروگرام سے کیا۔ جس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں، سٹیج شوز میں کام کرنے کے بعد انور مقصود اور بشرہ انصاری کے ساتھ ٹیم بنا کر کئی معیاری پروگرام پیش کیے۔ وہ بطور فلم ہدایت کار، پروڈیوسر، گلوکار اور مصنف کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے کئی زبانوں میں مزاحیہ اداکاری کی ہے جن میں انگریزی، سندھی، پنجابی، میمن، پشتو، گجراتی اور بنگالی کے علاوہ کئی دیگر زبانیں شامل ہیں اور اردو میں انکا کام انکو بچے بڑے، ہر عمر کے لوگوں میں یکساں مقبول بناتا ہے۔ انہیں انکے کام کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے پرائڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے نوازہ گیا ہے۔