ٹوبہ ٹیک سنگھ: لاہور میں امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل ہونے والے فہیم کے اہلخانہ کا سراغ مل گیا ہے۔ خون بہا کے کروڑون روپے لینے کے بعد فہیم کے ورثا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مقیم ہیں۔
فہیم کی بیوہ شمائلہ کی خودکشی کے بعد سے فہیم کا والد شمشاد، اس کی بیوی، بیٹی، دو بیٹے سلیم اور وسیم نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے محلہ مصطفیٰ آباد کی گلی نمبر ایک میں رہائش پذیر ہیں۔ دیت کی رقم ملنے کے بعد مقتول فہیم کے ایک بہنوئی محمد افضل کی بیوی بچوں کو لے کر غائب ہوگئی تھی۔ دیگر پاکستانی شہریوں کی طرح وہ بھی فہیم کے اہلخانہ کو تلاش کررہا تھا۔ اس دوران اسے ان کی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ان کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ وہ صبح ان کے دروازے پر پہنچا تو اس کے برادر نسبتی سلیم اور وسیم نے دروازہ کھولا تاہم اسے دیکھتے ہی دروازہ بند کردیا۔
محمد افضل نے ون فائیو پر پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے سسرال والوں نے اس کے بیوی بچوں کو یرغمال بنارکھا ہے، انہیں بازیاب کرایا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ فہیم کے والد شمشاد نے مکان 54 لاکھ روپے میں خریدا اور محلہ داروں کو انہوں نے بتایا کہ ان کا فیصل آباد میں کاروبار ہے۔