لاہور…ایڈیشنل سیشن جج لاہور نے فیصلہ دیا ہے کہ امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس کو سفارتی استثنا حاصل نہیں۔یہ بات مقتولین فیضان اور فہیم کے وکیل اسد منظور بٹ نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر بعد میڈیا کو بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ سفارتی استثنا کے حوالے سے آج طویل بحث ہوئی۔ ملزم ریمنڈ ڈیوس کا وکیل اس کے سفارتکار ہونے کے حوالے سے شواہد پیش نہ کر سکا، جس پر عدالت نے ریمنڈ ڈیوس کی طرف سے استثنا کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریمنڈ ڈیوس کیخلاف کیس کی کارروائی قانون کے مطابق کی جائے۔ اسد منظور ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ریمنڈ ڈیوس کے وکیل کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ چالان کی نقول اور دیگر کچھ کاغذات ابھی انہیں میسر نہیں، اس لئے ریمنڈ ڈیوس پر فرد جرم عائد نہ کی جائیگی۔ عدالت نے ریمنڈ کے وکیل کی درخواست پر کیس کی سماعت آٹھ مارچ تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران امریکی قونصل جنرل کارمیلا کانرائے بھی عدالت میں موجود تھیں۔بشکریہ جنگ |