واشنگٹن….امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کو مدد کی ضرورت ہے،متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے پاکستانی حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ واشنگٹن میں اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ دفاعی امداد کے تحت پاکستان کو2 ارب ڈالر فراہم کیے جائینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بحالی کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے، سیلاب سے متاثرہ کچھ جگہوں پر ابھی تک امداد نہیں پہنچ سکی ۔ پاکستان میں توانائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہپاکستان میں ونڈ پاور انرجی کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امداد کے امریکی اعلانات پاکستان سے اس کے لگاؤکا اظہار ہے اورپاکستان کے عوام امریکا سے ملنے والی امداد کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہایک سال میں پاکستان،امریکا کے یہ تیسرے اسٹریٹجک مذاکرات ہیں، پاکستان اور امریکا دہشت گردی کیخلاف مل کر جنگ کر رہے ہیں، اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دینگے اور اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ بھی نہیں کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکا کی پالیسیاں ایک سمت میں ہوں۔ سیلاب کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیلاب نے پاکستان میں لوگوں، فصلوں اور اثاثوں کو نقصان پہنچایا ، سیلاب سے متاثرہونے و الے بنیادی ڈھانچے کی بحالی کیلئے کام کرنا ہے، اس تباہی سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو متحرک ہونا ہوگا،سیلاب سے تباہی پر قابو پانے اور بحالی کیلئے مشکل چیلنج کا سامنا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں لاکھوں بے گھر لوگوں کو آباد کرنا ہے،سیلاب زدگان مایوس نہیں، نئی زندگی شروع کر رہے ہیں ۔
بشکریہ جنگ