لاہور…مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ چودھری برادران سے سیاسی اتحادکا سوچ بھی نہیں سکتے۔ وہ چودھری برادران سے اتحاد کر کے حکومت بنانے پر لعنت بھیجتے ہیں۔نواز شریف نے یہ بات لاہور میں گوجرانوالہ کے پارٹی کارکنوں سے خطاب میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری برادران سے اتحاد کی تجویز گورنر راج کے دوران بھی مسترد کر دی تھی۔ ڈکٹیٹر کے ہاتھ مضبوط کرنیوالوں کیلئے مسلم لیگ ن میں کوئی جگہ نہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کی گفتگو غیر مہذب ہے، اندرون سندھ بھی لوگ ایسی باتیں پسند نہیں کریں گے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ ذوالفقار مرزا کی باتوں کا مہذب انداز میں جواب دیا جائے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ نااہل حکومت کو مزیدسینے سے نہیں لگا سکتے۔ خود مختاری اور خوشحالی کے لئے قرضوں کا کشکول توڑنا ہوگا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ فوج کا کام سرحدوں کا دفاع ہے، سیاست کرنا نہیں۔ فوج نے جب بھی سیاست کی پاکستان کو برباد اور عوام کو بدحال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اگر مشرف حکمران ہوتا تو ریمنڈ ڈیوس باہر جا چکا ہوتا۔
بشکریہ جنگ |