اسلام آباد…پاکستان مسلم لیگ ن نے جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ کی چیئرمین نیب کے عہدے پر تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مسلم لیگ ن کے مطابق پارٹی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان چیئرمین نیب سید دیدار حسین شاہ کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔مسلم لیگ ن نے چیئرمین نیب کے عہدے پر سید دیدار حسین شاہ کے تقرر کو سخت احتجاج کرتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔مسلم لیگ ن کا موقف ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ دو بار پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور پیپلز پارٹی سے گہری وابستگی کی وجہ سے وہ اس عہدے پر تعیناتی کے اہل نہیں ہیں۔