لاہور…لاہور میں ایک غیر ملکی شخص کی فائرنگ اور اس کی گاڑی کی ٹکر سے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے پر ہجوم علاقے مزنگ چنگی میں ایک غیر ملکی شخص نے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد پر فائرنگ کردی اور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش میں کئی افراد کو ٹکرماری،جس سے ایک اور موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تینوں زخمی دم توڑگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم کچھ دور جاکر ٹریفک میں پھنس گیا جہاں سے پولیس نے لوگوں کی مدد سے اسے حراست میں لے لیا۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتاہے کہ ڈیوڈ نام کا یہ شخص امریکی شہری ہے اور امریکی قونصلیٹ میں ملازم ہے۔ایس پی آپریشن عمرسعید کے مطابق امریکی شہری پرمسلح افرادنے حملہ کیا،جس پر اس نے مزاحمت کرتے ہوئے ان پر فائرنگ کی،پولیس کے مطابق فائرنگ سے مرنیوالے دونوں افرادمبینہ ڈاکو تھے،مرنیوالے دونوں افرادسے پستول بھی برآمدہوئے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غیرملکی شہری ڈیوڈاردوبولتاہے،اس کاکہناتھاکہ یہ لوگ اسے لوٹناچاہتے تھے، اس نے فائرنگ کے بعد زخمی ہونے والوں دونوں موٹرسائیکل سواروں کی تصویریں بنائیں، انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے زخمی ہونیوالے شخص کے ہاتھ میں پستول تھا۔ ملزم کا کہنا ہے کہ دوموٹرسائیکل سواروں نے گاڑی روکی،دفاع میں فائرنگ کی، اس اپنی جان بچانے کیلئے فائرنگ کی تھی۔ملزم سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔واقعے کے بعد لوگوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور وہ پرانی انارکلی تھانے کے باہر جمع ہوکر احتجاج کرنے لگے اور ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی ،ان کا مطالبہ تھا کہ ملزم کو ان کے حوالے کیا جائے، پولیس نے خطرے کے پیش نظر ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درجہ کرلیا گیا ہے ، جبکہ انفارمیشن افسرامریکی قونصلیٹ نے واقعے پر تبصرے سے انکار کردیاہے۔ |