لاڑکانہ : سیم کینال میں کئی مقامات پر شگاف ،13دیہات زیرآب

لاڑکانہ … سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔لاڑکانہ کے قریب سیم کینال میں پڑنے والے شگافوں کو اب تک بھرا نہیں جاسکا جس کے باعث تیرہ دیہات زیرآب آگئے ہیں۔ سیلابی ریلا باڈہ کی جانب بڑھ رہاہے۔خیرپورناتھن شاہ کے قریب ایم این وی ڈرین میں دوشگاف پڑگئے ہیں۔محکمہ آب پاشی ذرائع کے مطابق شگاف پڑنے سے دودیہات زیرآب آگئے۔گاجی کھاوڑ میں تین حفاظتی بند بہہ جانے سے پورا علاقہ اور سیم کینال میں پڑنے والے شگاف سے گوٹھ جلبانی سمیت تیرہ دیہات زیرآب آ چکے ہیں۔سیلابی ریلا ضلع قمبر شہدادکوٹ کے علاقے نصیر آباداور ضلع لاڑکانہ کے شہروں باڈہ اوروارہ کی جانب بڑھ رہاہے۔دوسری جانب شہدادکوٹ کے عارضی حفاظتی بند پر سیلاب کا شدیددباؤ ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہدادکوٹ شہر آیندہ چوبیس گھنٹوں تک خطرے کی زد میں رہے گا۔ادھر ٹھٹھہ کی تحصیل سجاول میں گزشتہ تین روز سے چارسے پانچ فٹ پانی کھڑا ہے۔انتظامیہ کی جانب سے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے تاحال کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔نوابشاہ کے قریب مڈمنگلی،میکاروڈھورو،لاکھاٹ اور بچل پوربندوں پر پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے۔محکمہ آبپاشی کے مطابق انتہائی حساس قراردیے گئے حفاظتی بندوں میں کٹاؤ جاری ہے جسے روکنے کے لیے محکمے کے حکام کو الرٹ کردیاگیاہے۔

urdusky
Comments (0)
Add Comment