بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکارعدنان سمیع خان نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا۔
گلوکار کو سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی مداح نے احساس دلایا کہ وہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے پر کوئی بیان دیں۔
پاکستانی مداح نے عدنان سمیع خان کو کہا کہ ’اگر ان میں تھوڑی بھی احساس باقی ہے تو وہ کشمیر سے متعلق کوئی بیان دیں‘۔
پاکستانی مداح کے جواب میں عدنان سمیع خان نے بھارت سے وفاداری نبھاتے ہوئے وادی کشمیر کو قابض بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دیا۔
عدنان سمیع خان نے پاکستانی مداح کو جواب دیا کہ ’ضرور: مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور تم لوگوں کو ایسی باتوں میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے جن کا علم نہ ہو‘۔
عدنان سمیع خان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیے جانے پر انہیں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر مداحوں نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ وہ بھارت اور نریندر مودی سے اپنی وفاداری نبھا رہے ہیں۔
15 اگست کو پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاح کے طور پر منائے جاتے وقت عدنان سمیع خان کی جانب سے وادی کشمیر سے متعلق متنازع بیان دینے پر انہیں لوگوں نے پاکستان کی پیدائش اور گزرا وقت بھی یاد دلایا۔
ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ آج بھارت کی تعریف کرنے والے کے والد کہاں پیدا ہوئے اور کہاں ان کی موت ہوئی؟
مداح کے جواب میں عدنان سمیع خان نے لکھا کہ ان کے والد 1942 میں برٹش انڈیا میں پیدا ہوئے اور 2009 میں بھارت میں چل بسے۔ خیال رہے کہ ان کے والد 2009 میں لبلبے کے کینسر کی وجہ سے دوران علاج چل بسے تھے۔
عدنان سمیع خان نے 2014 کے بعد پاکستان چھوڑا اور انہیں انڈیا نے 2015 میں شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
عدنان سمیع خان کو یکم جنوری 2016 کو بھارتی شہریت دی گئی، جس پر اداکار نے جشن بھی منایا تھا۔
عدنان سمیع خان نے بھارتی و پاکستانی فلموں کے لیے متعدد گیت گائے اور انہیں پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار سے ایک بیٹا اذان سمیع بھی ہے، جنہوں نے بطور موسیقار اور لکھاری اپنے کیریئر کا آغاز کردیا ہے۔
عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار نے 1993 میں شادی کی تھی، تاہم بعد ازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔
عدنان سمیع خان نے دوسری شادی 2001 میں عرب خاتون صباح گلادری سے ہوئی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور پھر انہوں نے 2010 میں جرمن نژاد رویا علی خان سے شادی کی جن سے انہیں مئی 2017 میں ایک بیٹی ہوئی۔