گجرات: (پ ر) عالمی تنظیم اہلسنت خواتین کے زیر اہتمام سالانہ فقید المثال ”قومی میلاد کانفرنس خواتین“ نیک آباد (مراڑیاں شریف) میں منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے ہزاروں خواتین نے قافلہ در قافلہ شرکت کی۔ صدارت عالمی تنظیم اہلسنت خواتین کی نگران محترمہ ریحانہ کوثر قادری جبکہ ملک کی ممتاز عالمات فاضلات نے خطابات کئے۔ اس موقع پر امیر عالمی تنظیم اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ میلاد پروگرام اللہ اور رسول کے ذکر اور دین کی تبلیغ واشاعت کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو زیادہ توجہ دینی تعلیم پر چاہیے کیونکہ یہ روح وجسم کی غذا اوردنیا وآخرت کوسنوارتی ہے۔ خواتین کی دینی تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاتون اگر دینی تعلیم سے آراستہ ہو اور بلند کردار ہو تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ معاشرے میں اثر انداز ہو کر اسلامی اقدار کی پاسبانی کرسکتی ہے لہذا خواتین دینی تعلیم وتربیت پر زیادہ توجہ دیں۔ محترمہ ریحانہ کوثر قادری نے اپنے خطبہ صدارت میں کہا کہ معاشرہ انتہائی تاریکی کی طرف جارہا ہے، معاشرتی بیماریاں اپنے عروج پر ہیں، خدا اور رسول ﷺ کی اطاعت کی بجائے نافرمانیاں عام ہوتی جارہی ہیں، قومی ثقافت پر شیطان کا راج ہے، فحاشی وبے حیائی پھیلتی جارہی ہے، دل ایمان سے خالی ہوئے جارہے ہیں، نافرمانیاں عذاب اکبر کو دعوت دے رہی ہیں، اندریں صورتحال قوم کی اجتماعی توبہ انتہائی ضروری ہے اور اجتماعی وانفرادی کردار کی ذرےعے تقویٰ اور سیرت کا راستہ اپنا کر ہی ہم دین دنیا وآخرت بہتر کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم خواتین کو چاہیے کہ وہ شیطانی گروہوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور اسلامی اقدار کی ترویج کیلئے کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حدیث مبارک ہے کہ جو عورت بناﺅ سنگار کر کے غیر محرم لوگوں کے سامنے آئیگی تواللہ تعالیٰ اس کی قبر کو دوزخ کا گڑھا بنا دے گا اور اسکا چہرہ روز قیامت سیاہ کر دے گا۔ محترمہ رضوانہ قادری نے کہا کہ شریعت کالج طالبات نیک آباد خواتین کی وہ عظیم دینی درسگاہ ہے جس کی 321شاخیں اندرون وبیرون ملک خدمت دین میں مصروف ہیں اور اس سال مختلف درجات سے فارغ ہونےوالی عالمات کی تعداد 743ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس موقع پر یہ ہدایات جاری کی گئیں کہ فارغ ہونے والی طالبات شہر شہر گاؤں گاؤں دینی مدارس اور دینی تعلیم کی کلاسوں کا انتظام کر کے مسلم خواتین میں تقوی و پرہیز گاری پیدا کریں اور نماز ،روزہ اسلامی پردہ کی پابندی اور والدین ،شوہر و دیگر حقوق العباد کی ادائیگی کی تعلیم وتربیت کا اہتمام کر کے معاشرے کو نظام مصطفی کا گہوارہ بنانی کی کوششیں تیز کردیں۔ خطیبہ اسلام باجی شازیہ نے قراردداد منظور کروائی کہ حکومت وطن عزیز میں نظام مصطفی ﷺ نافذ کرے اور بے حیائی عریانی و فحاشی کی ترویج روکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز اہلسنت اور اسکی سینکڑوں شاخوں کی معلمات وطالبات اور خانقاہ نیک آباد مراڑیاں شریف کی مرید خواتین خوش نصیب ہیں جن کو ایک عالم ربانی اور شیخ کامل حضرت پیر محمد افضل قادری کی سرپرستی حاصل ہے ۔انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ قبلہ پیر صاحب کی کتاب ” اربعین افضلیہ“ و دیگر تصانیف کا مطالعہ کریں اور کرائیں۔ آخر میں عالم اسلام، پاکستان اور مسلمانوں کیلئے انتہائی رقت آمیز اجتماعی دعا کی گئی۔
محمد شہزاد قادری، سیکریٹری میڈیا اطلاعات عالمی تنظیم اہلسنت