سیلاب، کوئٹہ کا اندرون ملک ریل رابطہ تیسرے روز بھی منقطع
جیکب آباد . . . جیکب آباد کے علاقے میں ریلوے ٹریک پرسیلابی پانی آنے کے باعث کوئٹہ کااندرون ملک بزریعہ ریل رابطہ تیسرے روز بھی منقطع رہا، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے اندرون ملک کے لئے کوئی ٹرین روانہ نہ ہوسکی۔ریلوے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے راولپنڈی کے لئے جعفرایکسپریس، پشاورکے لئے کوئٹہ ایکسپریس اور کراچی کے لئے بولان میل کو روانہ کیا جانا تھا، تاہم جیکب آباد اور ڈیرہ اللہ یار کے درمیان سیلابی پانی آنے سے ریلوے ٹریک متاثرہوا ہے جس کے باعث تیسرے روز بھی کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی تمام ٹرینیں روانہ نہیں ہو سکیں۔ بلوچستان میں سیلاب سے23جولائی کو آنے والی سیلابی ریلے کے باعث دو بار پہلے بھی ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کی جاچکی ہے، تاہم ٹرین سروس کو دوبارہ شروع ہوئے تین روز ہی گزرے تھے کہ جیکب آباد میں پانی آنے کے باعث ٹرین سروس معطل کرنا پڑی۔ٹرین سروس معطل ہونے سے کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بشکریہ جنگ