جنرل اسمبلی کا خصو صی اجلاس،متاثرین ہنگامی امداد کے منتظر ہیں،بان کیمون

جنرل اسمبلی کا خصو صی اجلاس،متاثرین ہنگامی امداد کے منتظر ہیں،بان کیمون

نیویارک … پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصو صی اجلاس ہوا ۔جس سے خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آنیوالا سیلاب عالمی یکجہتی کا سب سے بڑا امتحان ہے۔امریکا اور برطانیہ نے مجموعی طور پر25کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا خصو صی اجلاس شروع ہوا تو اس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالے تباہ کن نقصانات کی وڈیو دکھائی گئی ۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب موجودہ دور میں عالمی یکجہتی کا سب سے بڑا امتحان ہے۔دنیا میں ایسی تباہی کم ہی دیکھی گئی ہے،ہر طرف تباہی ہی تباہی ہے، ہزاروں دیہات اجڑ چکے ہیں، سڑکیں، مکانات، پل تباہ ہوچکے ہیں، ڈیڑھ سے دو کروڑ سیلاب زدگان ہنگامی امداد کے منتظر ہیں، اس موقع پر امریکی وزیر خا رجہ ہیلری کلنٹن نے امداد نوے ملین ڈالرسے بڑھا کرایک سو پچاس ملین امریکی ڈالر کرنے کا اعلان کیا ۔اس طرح امریکا کی جانب سے کل دی جانے والی امداد15 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی ہے ۔انھوں نے کہا کہ امریکا سمیت بہت سے ممالک شدید معاشی مسائل کا شکار ہیں لیکن امداد کے لیے پاکستانی درخواست پر دھیان دینا ہوگا۔انھوں نے کہاکہ سب مل کر مدد کریں گے تو بحران پر قابو پا لیا جائے گا برطانیہ نے بھی امدادبڑھا کرننانوے ملین ڈالر تک کرنے کا اعلان کیا۔اس موقع پر وزیر خا رجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سیلاب کی ہولناک تباہی کا شکار ہے جس پر قابو پانا بہت بڑا چیلنج ہے۔ ہر دسواں پاکستانی سیلاب سے متاثر ہے ،ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے43ڈالر کا معاشی نقصان ہوا اوراس صورت حال میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنا حکومت کے لیے انتہائی مشکل ہوگا تاہم دہشت گردوں کو اس کا فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے۔ بیرونی امداد کے بغیر اس بحران پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔اس سے پہلے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورامریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن کے درمیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

urdusky
Comments (0)
Add Comment