واشنگٹن امریکہ نے ترکی کو روس سے میزائل سسٹم خریدنے پر ایف 35 فائٹر جیٹ پروگرام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔تفصیلات کے مطابق روس سے جدید ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم خریدنے پر امریکہ نے ناراضگی کا اظہارکیا تھا جبکہ اس کی پہلی کھیپ بھی روس سے ترکی پہنچ چکی ہے ۔امریکی دفاعی ادارے پینٹاگون کی اعلیٰ عہدیدار ایلن لارڈ کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایف 35 پروگرام میں شامل اتحادیوں نے ترکی کو اس پروگرام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ترکی کو ایف 35 جیٹ طیاروں کے پروگرام سے علیحدہ کرنے کے باقاعدہ اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ایلن لارڈ نے مزید بتایا کہ جدید فائٹر جیٹ طیاروں کی ترکی سے منتقلی پر امریکا کو 50 کروڑ سے 60 کروڑ ڈالر کا خرچ برداشت کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا ہے کہ ترکی نے ایف 35 فائٹر طیاروں کے 900 سے زائد پارٹس تیار کرتا ہے لیکن اب تمام آلات کی تیاری ترکی کی فیکٹریوں سے امریکی فیکٹریوں میں منتقل کر دی جائے گی کیونکہ ترکی کو اس پروگرام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔پینٹاگون عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایف 35 فائٹر جیٹ طیاروں سے علیحدگی کے بعد ترکی ناصرف ملازمتوں سے محروم ہو گا بلکہ اسے پراجیکٹ کے دوران ملنے والے 9 ارب ڈالرز بھی نہیں ملیں گے۔