اتحادیوں میں اختلافات ہوجا تے ہیں تاہم امن سب چاہتے ہیں،رحمان ملک

کراچی….وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک کاکہنا ہے کہ کراچی میں حالات معمول پرآرہے ہیں اورمجرموں کے خلاف خفیہ کارروائی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب کسی بھی جائے وقوع پرمیڈیا سمیت کسی کوتحقیقات مکمل ہونے تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی صدارت میں سی سی پی او آفس کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا ،اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے ساتھیوں سے ملاقات کی ،ان کے گلے شکوے سنے ۔ اختلافات ہوتے ہیں اختلاف ہمارا بھی حق ہے اور ان کا بھی۔انھوں نے کہا کہ ہمارے لئے ساری پارٹیاں اہم ہیں کراچی اور ملک کے حالات سب کو ملکر درست کرنے ہیں۔رحمان ملک نے میڈیا سے درخواست کی کہ وہ کوئی بھی خبر بغیر تصدیق کے نہ دیں ۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں میڈیا کو معلومات فراہم کرنے کے لئے سیل بنانے کا فیصلہ کیاگیاہے جس کے سربراہ سابق چیف سی پی ایل سی شرف الدین میمن ہونگے ،انھوں نے کہا کہ اب کسی بھی جائے وقوع کے ایک کلو میٹر تک میڈیا سمیت کسی کو بھی تحقیقات مکمل ہونے تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس موقع پرصوبائی وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقارمرازنے کہا کہ میں اپنے دوستوں اور سیاست دانوں سے التجا کرتا ہوں کراچی اور سندھ کی صورتحال پرجارحانہ تبصرے نہ کریں اس سے ہمارا کام مشکل ہوجاتا ہے ،ذوالفقار مرزا نے بتایا کہ گھوٹکی میں پولیس مقابلے کے دوران انتہائی مطلوب ڈاکوقادری چاچڑ مارا گیا ، انھوں نے بتایاکہ ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے، جن کی وزیر اعظم کی جانب سے مالی امداد کی جائے گی۔

urduskywww.urdusky.com
Comments (0)
Add Comment