’پاکستان امریکہ کا سب سے بڑا اتحادی ہے‘ پاکستان القاعدہ اور طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کیخلاف کارروائی کرے، امریکا
By
admin on 23 اکتوبر, 2010
واشنگٹن…امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے پاکستانی قائدین پر واضح کردیا ہے کہ اگر انہوں نے پاکستان میں القاعدہ اور طالبان کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف کارروائی نہیں کی تو وہ امریکی امداد کے بڑے حصے سے محروم ہوسکتے ہیں۔ اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کارروائی سے گریز کررہا ہے اور اوباما انتظامیہ نے اس پر کڑی تنقید کی ہے۔ انتظامیہ نے نجی پیغامات کے ذریعے خبردار کیا ہے کہ اگر صورت حال اسی طرح رہی تو پاکستان کو ملنے والی امداد خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ بدھ کے روز امریکی صدر باراک اوباما کی پاکستانی حکام سے ملاقات کے بعد وہائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانوں پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ دوسری جانب امریکا شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے لئے سی آئی اے کی خفیہ کوششوں کو بڑھارہا ہے۔واشنگٹن میں ایک سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکا القاعدہ سے تعلق رکھنے والے گروپوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے مزید شدت سے کارروائی کا خواہشمند ہے۔۔حالیہ ہفتوں میں امریکا نے پاکستان سے کہا ہے کہ شدت پسندوں پر دباؤ ڈالنے کی امریکی کوششوں کے سلسلے میں سی آئی اے کے اضافی افسران اور اسپیشل آپریشنز ملٹری ٹرینرز کوملک میں داخلے کی اجازت دی جائے ۔حالیہ برسوں میں پاکستان میں سی آئی اے کے اہلکاروں کی تعدادمیں اضافہ ہوا ہے اور اضافی اہلکار ان علاقوں میں پاکستانی فورسز کی مدد کریں گے جہاں ڈرون حملے نہیں کئے جاسکتے۔