بے نظیر بھٹوکی حفاظت پر مامور ایس پی وعدہ معاف گواہ بن گیا

اسلام آباد…سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ایس پی اشفاق انور وعدہ معاف گواہ بن گئے ۔ایس پی نے اپنے اقبالی بیان میں سکیورٹی انتظامات میں خامی کی بڑی ذمہ داری سابق سی پی او راول پنڈی سعود عزیز پر عائد کی ہے ، سعود عزیز کا کہنا ہے کہ وہ اس کا جواب ، عدالت میں بیان آنے پر ہی دیں گے۔راول پنڈی کی خصوصی عدالت کی ہدایت پر ایف آئی اے نے بے نظیر قتل کیس کا جو حتمی چالان تیار کیا ہے اس میں بعض پولیس آفیسرز پر سکیورٹی انتظامات میں خامی اور غفلت برتنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ بعض پولیس آفسیرز کو ایسے الزامات سے بری کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس چالان میں ایس پی اشفاق انور کا ایک بیان بھی شامل ہے جو انہوں نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ116 کے تحت اسلام آباد کے مجسٹریٹ کے سامنے قلمبند کرایا ۔اس بیان کے مطابق ایس پی اشفاق ، پولیس کمانڈوز کے ساتھ لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کی سکیورٹی پر متعین تھے اور بے نظیر کو بحفاظت اسلام آباد تک پہنچانا ان کی ذمہ داری تھی لیکن اس وقت کے سی پی او راولپنڈی سعود عزیز نے انہیں خودکش حملہ سے پہلے اسلام آباد کی حدود اور پھر نواز شریف کے جلسے میں صادق آباد بھیج دیا ۔ایس پی اشفاق انور ان دنوں اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالر شپ پر بیرون ملک گئے ہوئے ہیں ، جیونیوز نے اس حوالے سے جب سعود عزیزسے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ جب اشفاق انور کا بیان عدالت میں آئیگا تو ہی وہ اس پر جواب میں کچھ کہیں گے۔

بشکریہ جنگ

urduskywww.urdusky.com
Comments (0)
Add Comment