وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کرلیا۔ کابینہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور پاک بھارت سرحد کی موجودہ صورت حال سمیت نو نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق خصوصی کمیٹی کی تجاویز پیش کی جائیں گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کابینہ کو کشمیر سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دیں گے جبکہ اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل اجلاس کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں کابینہ اراکین کی جانب سے پیش کردہ عوامی مفادات کے اقدامات سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔کابینہ گزشتہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی اور کم قیمت گھروں کے منصوبے کےلئے پانچ بلین روپے قرض کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ پاک ترک سٹریٹجک اکانومک فریم ورک کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ گھریلو تشدد سے تحفظ اور روک تھام کے بل کی بھی منظوری دی جائے گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کرسچن میرج اور طلاق بل 2019، اینٹی ڈمپنگ اپیلٹ ٹربیونل کے چیئرمین اور 2 ممبران کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی۔