کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کا مشن شروع ہو گیا، وزیراعظم نے نیویارک میں کشمیر سٹڈی گروپ کے بانی فاروق کاٹھواری سے ملاقات کی، مودی حکومت کا اصل چہرہ دنیا کےسامنے بے نقاب کرنے کی ہدایت کر دی، صدر ٹرمپ سے ملاقات کل ہو گی، امریکی تھنک ٹینک سے بھی خطاب کا پروگرام ہے۔وزیراعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، کئی ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں شیڈول ہیں عالمی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے علاوہ پاکستان، ترکی اور ملائشیا کی سہ فریقی سمٹ سے خطاب بھی کریں گے۔
نیویارک میں وزیراعظم سے کشمیر سٹڈی گروپ کے بانی فاروق کاٹھواری نے ملاقات کی۔ عمران خان نے فاروق کاٹھواری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی تسلط اور انسانی حقوق کی پامالی کو مزید اجاگر کرنے کی تلقین کی، فاروق کاٹھواری امریکی صدارتی کمیشن براے ایشیائی امریکیوں کے کمیشن کے ممبر رہ چکے ہیں۔عمران خان کل امریکی صدر سے ملاقات کریں گے، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق، وزیراعظم کی ٹرمپ سمیت کئی ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیر کا مقدمہ پیش کریں گے۔