لاہور کی احتساب عدالت نے غیرقانونی اثاثہ جات، منی لانڈرنگ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی جبکہ قائد حزب اختلاف آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں عدالت کے رو برو پیش نہ ہوئے۔غیر قانونی اثاثہ جات، منی لانڈرنگ اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کو احتساب عدالت کو روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ ابھی تحقیقات چل رہی ہیں جیسے ہی مکمل ہوں گی ریفرنس دائر کردیں گے۔ احتساب عدالت نے نیب کے جواب پر حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ریفرنس سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔دوسری جانب قائد حزب اختلاف شہبازشریف اسلام آباد مصروفیت کے باعث رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال کیس میں پیش نہ ہوئے۔ ان کے وکلا کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔ آشیانہ اقبال کیس میں سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت دیگر ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ جج جواد الحسن نے تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کرتے ہوئے۔ سولہ اکتوبر شہباز شریف کو بھی پیش ہونے کا حکم صادر کیا۔