احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں گرفتار ن لیگ کی نائب صدر مریم نوازاور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید14 روز کی توسیع کردی اور ملزموں کو 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی ،جج احتساب عدالت نعیم ارشدنے کیس کی سماعت کی ،نیب نے مریم نواز اور یوسف عباس کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کردیا ،اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے،نیب وکیل نے ملزموں کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے ،1990 کی دہائی کی ٹرانزیکشن کی تحقیقات کرنی ہیں ،مریم نواز کے وکلا کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت نہیں کی گئی ،عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کردی اور ملزموں کو 4 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دےدیا،نیب حکام مریم نواز کو لے کر عدالت سے روانہ ہو گئے۔